حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے پارٹی ترجمانوں کو مانک راؤ ٹھاکرے کا مشورہ

   

حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے ترجمانوں کا اجلاس آج گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے نے صدارت کی۔ اجلاس میں ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، میڈیا کمیٹی کے صدرنشین کسم کمار، اے آئی سی سی سکریٹریز روہت چودھری، منصور علی خاں اور کانگریس وارروم کے انچارج روہن گپتا نے شرکت کی۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر پارٹی ترجمانوں کا رول اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ انہیں سیاسی حالات اور عوامی مسائل پر مسلسل چوکسی اختیار کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس حکومتوں کی ناکامیوں اور عوام دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے پارٹی ترجمانوں کو متحرک ہونا چاہیئے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام تبدیلی کا فیصلہ کرچکے ہیں اور مرکزی و ریاستی حکومتوں سے عاجز آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کی جانب سے اعلان کردہ 6 ضمانتوں اور مختلف ڈیکلریشن کی تفصیلات سے عوام کو واقف کرانے کیلئے باقاعدہ مہم چلائی جائے۔