حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے پر گورنر کے خلاف بیان بازی افسوسناک

,

   

کے سی آر گورنر سے معذرت خواہی کریں، اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرامارکا کا مطالبہ
حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے گورنر ٹی سوندرا راجن کے خلاف ٹی آر ایس قائدین کے بیانات پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے پر گورنر کے خلاف بیان بازی کی جارہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گورنر کے خلاف ریمارکس کرنا حکومت کی نااہلی کو ثابت کرتا ہے۔ گورنر نے کورونا سے نمٹنے میں حکومت کے تساہل اور ناکامیوں کو بے نقاب کیا ہے۔ تلنگانہ سے چھوٹی ریاستوں میں کورونا کے ٹسٹ میں تلنگانہ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ گورنر کے علاوہ ہائی کورٹ نے بھی ٹسٹنگ میں اضافے کی ہدایت دی تھی لیکن حکومت احکامات پر عمل آوری کے لیے تیار نہیں ہے۔ بھٹی وکرامارکا، رکن اسمبلی جگاریڈی اور رکن کونسل جیون ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی آر ایس قائدین کی گورنر کے خلاف بیان بازی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بیان بازی کو ترک کرتے ہوئے چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ گورنر سے معذرت خواہی کریں۔ دستوری عہدے پر سیاسی قائدین کی تنقید مناسب نہیں ہے۔ گورنر نے ایک سے زائد مرتبہ کورونا کے سلسلہ میں حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے حکومت کو کئی مکتوب روانہ کئے لیکن کوئی جواب تک نہیں دیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ٹسٹنگ میں اضافے کے علاوہ طبی عملے اور بجٹ میں اضافے کی گورنر نے سفارش کی ہے۔ گورنر کے موقف کی تائید کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ جوابی بیان بازی کے بجائے حکومت کو گورنر کی سفارشات پر عمل کرنا چاہئے۔ گورنر ایک ڈاکٹر ہیں اور وہ اچھی طرح جانتی ہیں کہ وائرس کا مقابلہ کس طرح کیا جاسکتا ہے۔ ریاست میں ڈاکٹرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی سفارش کرنا کیا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور میڈیا کی طرح گورنر کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ دستوری عہدے کا احترام کریں اور گورنر کی تجاویز پر عمل کریں۔ جگاریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ تلنگانہ میں کورونا نہیں آئے گا۔ اب جبکہ کورونا عروج پر ہے، کے سی آر نے عوام کو بے یار ومددگار چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے احکامات پر حکومت عمل کرنے تیار نہیں ہے۔ گورنر اور ہائی کورٹ سے بے خوف ہوکر کے سی آر من مانی حکمرانی کررہے ہیں۔