کے سی آر پر ریونت ریڈی کا الزام، غیر ذمہ دارانہ بیانات پر مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تجاویز اور مشورے پیش کرنے والوں کو کے سی آر کورونا وائرس کا شکار ہونے کی بددعا دے رہے ہیں۔ اس طرح کے ریمارکس کرنے پر چیف منسٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہیئے۔ ریونت ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی نہیں چاہتا کہ دوسرا شخص اس وائرس سے متاثر ہو۔ دشمن کو بھی ایسی بیماری کی بددعا نہیں دی جاتی لیکن حکومت کی خامیوں کی نشاندہی کرنے والوں کو کے سی آر وائرس کا شکار ہونے کی بددعا دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر کے اس بیان کے موقع پر ڈائرکٹر جنرل پولیس اور چیف سکریٹری بھی موجود تھے لہذا ان کے خلاف بھی مقدمہ درج ہونا چاہیئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کورونا کے مسئلہ پر چیف منسٹر روزانہ وزیر اعظم سے بات چیت کرنے کا دعویٰ کررہے ہیں لیکن تلنگانہ میں اپوزیشن سے بات چیت کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا اس بحران کے وقت اپوزیشن سے رائے حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت خانگی میڈیکل اداروں کی خدمات حاصل کرنے سے گریز کیوں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کئی نامور ڈاکٹرس موجود ہیں جن میں ناگیشور ریڈی، سوما راجو، گورواریڈی شامل ہیں ایسے ڈاکٹرس سے چیف منسٹر نے آج تک مشاورت نہیں کی۔ حکومت کی خامیوں کو پیش کرنے والے چیف منسٹر کو مخالفین کی طرح دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو چاہیئے کہ وہ چیف منسٹر کے غلط بیانات پر مقدمہ درج کریں۔ ایک طرف چیف منسٹر 7 اپریل کے بعد تلنگانہ کو کورونا سے نجات دلانے کا دعویٰ کررہے ہیں تو دوسری طرف وہ 3 جون تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی سفارش کررہے ہیں۔