حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرنے کارکنوں کو ہدایت

   

18 جولائی سے آن لائن مہم ، اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے پارٹی کیڈر کو ہدایت دی کہ وہ کورونا صورتحال سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامیوں کو عوام میں بے نقاب کریں۔18 جولائی سے شروع ہونے والی پارٹی کی آن لائن مہم ’ اسپیک اَپ انڈیا ‘ میں حصہ لیتے ہوئے حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو واقف کروائیں۔ اتم کمار ریڈی نے آروگیہ شری اسکیم کے تحت کورونا کے علاج کو شامل کرنے اورکورونا سے فوت ہونے والے ہیلت، سینٹیشن ورکرس ، صحافیوں اور پولیس ملازمین کے پسماندگان کو 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے فوت ہونے والے ہر شخص کے خاندان کو 10 لاکھ روپئے ادا کئے جائیں۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کے ہمراہ سوشیل میڈیا پر پارٹی کیڈر سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹاسک فورس برائے کووڈ 19 نے عوامی مسائل جاننے کیلئے مہم کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں کورونا کے کیسس میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا اور حکومت کو ذمہ دار قرار دیا۔ کورونا سے عوام پریشان حال تھے تو دوسری طرف چیف منسٹر 13 دنوں تک شہر سے غائب رہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین اور ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کورونا کی صورتحال کو معمولی قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ اموات کو صرف 2 فیصد قرار دیتے ہوئے کے ٹی راما راؤ اپوزیشن پر غیر ضروری مسئلہ کو ہوا دینے کا الزام عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے پاس عوامی زندگی کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے کیڈر سے اپیل کی کہ وہ سوشیل میڈیا پر آن لائن مہم میں حصہ لیں اور کورونا کے علاج میں حکومت کی ناکامی کو بے نقاب کریں۔