حکومت کی نگرانی میں چلنے والے بلڈ بینکس کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ

   

خون کے عطیہ کی اہمیت پر شعور بیداری پر زور ، وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔13۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں حکومت کی نگرانی میں چلائے جانے والے بلڈ بینکوں کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے انہیں معیاری بنانے کے اقدامات کئے جائیں اور عوام میں شعور بیداری کے اقدامات کے ذریعہ خون کے عطیہ کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر دامودر راج نرسمہا نے آج تلنگانہ سیکریٹریٹ میں محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ہمراہ بلڈ بینک کے ذمہ داروں کا جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ سرکاری زیر انتظام بلڈ بینکوں کی خدمات اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ آئی پی ایم کی خدمات کو عصری بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ مسٹر دامودر راج نرسمہا نے عہدیداروں کو 14جون کو یوم خون کا عطیہ منانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر عوام میں خون کے عطیہ کی اہمیت کے متعلق شعوربیداری کیمپ لگائے جائیں اور عوام کو خون کا عطیہ دینے کی ضرورت اور اس کے فوائد سے واقف کروایا جائے۔انہو ںنے عہدیداروں سے ریاست میں حکومت کی نگرانی میں چلائے جانے والے 63 بلڈ بینکوں کی خدمات کے متعلق دریافت کیا جس پر عہدیداروں نے انہیں ان کی کارکردگی اور ان بلڈ بینکوں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے متعلق واقف کروایا ۔ ریاستی وزیر صحت نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ ریاست کے 14بلڈ بینکوں کو اپ گریڈ کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور انہیں مثالی بلڈ بینک کے طور پر پیش کیا جائے تاکہ سرکاری بلڈ بینکوں کو فروغ حاصل ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ضلع واری اساس پر بلڈ بینکوں کو فروغ دینے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ غریب عوام کو سرکاری بلڈ بینکوں کے ذریعہ فائدہ پہنچایا جاسکے۔اس جائزہ اجلاس میں محترمہ کرسٹینا چوگتو سیکریٹری محکمہ صحت‘ کمشنر محکمہ صحت وخاندانی بہبود مسٹر آر وی کنن‘ ایڈس کنٹرول پراجکٹ ڈائریکٹر مسز ہیما وتی‘ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر وانی ‘ تلنگانہ ویدیا پریشد کمشنر ڈاکٹر اجئے کمار کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔3