نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے مرکزی حکومت کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ متکبر لوگوں کی حکومت ہے اور اس کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک اور ریاستوں کی سرحدیں غیر محفوظ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے چین کے ساتھ لائن آف ایکچوول کنٹرول (ایل اے سی) پر بڑھ رہے تنازعہ اور میزورم اور آسام سرحد پر ہوئی جھڑپ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات کا جو بیج بویا جارہا ہے اس کے نتائج بہت خطرناک ہوں گے ۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ‘‘ قومی سرحد محفوظ ہے اورنہ ہی ریاستی سرحد ۔ تنازعات اور فسادات کو ہمارے ملک کی مقدس زمین میں بیج کی طرح بویا جا رہا ہے ۔ اس کے نتائج خطرناک ہوں گے ۔ ایک اور ٹویٹ میں ، انہوں نے منشی پریم چند کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسان کا سب سے بڑا دشمن اس کا غرور ہے ۔ راہول مختلف حساس معاملوں پر مودی حکومت کو مسلسل توجہ دلاتے رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے تعلق سے انھوں نے ہی سب سے پہلے متنبہ کیا تھا۔ رافیل لڑاکا طیارہ معاملت پر بھی انھوں نے غلطیوں کی نشاندہی کی تھی۔