حکومت کی گیارنٹی سے آر ٹی سی کو 500 کروڑ روپئے قرض منظور

   

ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی 100 کروڑ روپئے کے مصارف سے 280 نئی بسیں خریدنے کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 18 ستمبر (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے خسارے میں چلنے والے تلنگانہ آر ٹی سی کو فائدے بخش ادارے میں تبدیل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت کی گیارنٹی سے آر ٹی سی کو 500 کروڑ روپئے کا قرض منظور ہوا ہے جس سے تمام ایمپلائز کو تنخواہیں ادا کردی گئی ہیں۔ دن میں 110 کروڑ روپئے ٹی ایس آر ٹی سی کریڈیٹ سوسائٹی کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ سال 2018ء سے وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے ملازمین کو پنشن بینفٹس کی ادائیگی کیلئے 2 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ شادی اور طبی قرض کی درخواستوں کی بھی یکسوئی کردی گئی ہے۔ اسٹاف ریٹائرمنٹ اسکیم میں سابق ملازمین کے تین ماہ کے بقایا جات بھی ادا کردیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 100 کروڑ روپئے کے مصارف سے 280 نئی بسیں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دوردراز علاقوں تک نئی بسیں چلاتے ہوئے آر ٹی سی کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔ حال ہی میں چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے آر ٹی سی کے مسائل اور اس کے حل کا جائزہ لیا تھا، جس میں عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا تھا کہ دوردراز چلنے والی سوپر لکژری بسوں کی ڈیمانڈ سے نئی بسیں خریدنے کی چیف منسٹر نے منظوری دی ہے جس کے بعد عہدیداروں نے 100 نئی بسیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ N