حکومت کی 2 سالہ کامیاب کارکردگی سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار : سریدھر بابو

   

اوپل میں 115 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز، رکن کونسل مہیندر ریڈی اور میئر حیدرآباد کی شرکت
حیدرآباد 10 فروری (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے اوپل اسمبلی حلقہ میں 115.85 کروڑ سے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ گورنمنٹ چیف وہپ قانون ساز کونسل مہیندر ریڈی، میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی، رکن اسمبلی بی لکشما ریڈی اور دیگر قائدین اِس موقع پر موجود تھے۔ سریدھر بابو نے خطاب کرتے ہوئے ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے گزشتہ 2 برسوں میں حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ ہر شعبہ میں تیزی سے ترقی کی سمت گامزن ہے۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے ذریعہ شہر کے اطراف صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جس کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو روزگار مل سکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اسپورٹس سرگرمیوں میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر اسمبلی حلقہ میں مِنی اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ ہے تاکہ ریاستی و قومی سطح کے کھلاڑی تیار کئے جاسکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اوپل میں ذخائر آب کے تحفظ اور ترقی کے لئے 20 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ اسپورٹس اسٹیڈیم کے لئے 30 کروڑ کی منظوری دی گئی ہے۔ ڈپٹی میئر سری لتا، شوبھن ریڈی کے علاوہ مقامی کانگریس قائدین نے تقریب میں شرکت کی۔ ڈی سریدھر بابو نے کاپرا، چرلہ پلی اور اوپل بلدی ڈیویژنس میں جملہ 17 ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اُنھوں نے حکومت پر اپوزیشن کی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہاکہ 2 سالہ کارکردگی نے عوام کے دلوں میں کانگریس کے لئے جگہ بنادی ہے۔ حکومت کی کارکردگی اور کانگریس کی بڑھتی عوامی مقبولیت سے بی آر ایس اور بی جے پی قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے بہکاوے میں نہ آئیں اور اپنے علاقوں کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے حکومت سے تعاون کریں۔1