پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس، مئی تک ہر ضلع میں پارٹی اجلاسوں کے انعقاد پر زور
حیدرآباد۔/2 اپریل، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے ریاست بھر میں پارٹی کی آتمیہ اجلاسوں کے انعقاد کے سلسلہ میں پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں پارٹی اجلاسوں کے انعقاد کیلئے سابق اسپیکر مدھو سدن چاری کی قیادت میں 10 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹی تمام اضلاع میں پارٹی اجلاسوں کے انعقاد کا جائزہ لے گی۔ ضلع صدور، پارٹی جنرل سکریٹریز اور ارکان اسمبلی کو اس کمیٹی سے مکمل تعاون کی ہدایت دی گئی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس کمیٹی کے ذریعہ چیف منسٹر کے سی آر پارٹی پروگراموں پر عمل آوری سے متعلق فیڈ بیاک حاصل کررہے ہیں۔ اپنی کارکردگی کی تفصیلات بہتر انداز میں پیش کرنے کیلئے کمیٹی سے تعاون کیا جائے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ جاریہ سال انتخابات کے پیش نظر ہر رکن اسمبلی کو پارٹی کارکنوں کے ساتھ مل کر ایک ٹیم تیار کرنی چاہیئے اور اس ٹیم کے ذریعہ عوام سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے اور حکومت کی اسکیمات سے واقف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں بی آر ایس کو مستحکم کرنے پر توجہ دی جائے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں ایک سوشیل میڈیا کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے پارٹی اور حکومت سے عوام کو باخبر رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے سوشیل میڈیا کمیٹیوں کو مزید مستحکم کرنے کی ہدایت دی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کے سی آر نے مئی کے اختتام تک اجلاسوں کے انعقاد کو منظوری دی ہے۔ اجلاسوں کے انعقاد سے عوام کو پارٹی سے قریب کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ہر کارکن کو ان پروگراموں میں شامل کیا جائے۔ چیف منسٹر کی جانب سے عوام کو لکھے گئے مکتوب کو پروگراموں میں پڑھ کر سنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے مکتوب پر مشتمل پمفلیٹس گھرگھر تقسیم کئے جائیں۔ ارکان اسمبلی، ضلع پارٹی صدور کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ مجالس مقامی کے عوامی نمائندے اجلاسوں میں شرکت کریں۔ حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل کی صورتحال اور گذشتہ 9 برسوں کی ترقی کا تقابلی جائزہ پیش کیا جائے۔ر