حکومت کے تیقن کے باوجود برقی کٹوتی شروع

   

رہائشی و تجارتی علاقوں سے برقی سربراہی میں خلل کی شکایات
حیدرآباد۔15فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹڈ اور ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست میں بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی کے اعلان تو کردیئے جاتے ہیں لیکن شہر میں موسم گرما کی ابتدائی کے ساتھ ہی برقی کٹوتی کا سلسلہ شروع کیا جاچکا ہے اور شہر کے کئی علاقوں سے غیر معلنہ برقی کٹوتی کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ نواحی علاقو ںمیں رہائشی علاقوں کے علاوہ شہر کے سرکردہ تجارتی علاقوں میںبھی برقی سربراہی میں خلل کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے جہاں شہر میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے وہیں شہر میں برقی کٹوتی کی شکایات میں بھی اضافہ ریکارڈ ہونے لگا ہے لیکن کوئی بھی عہدیدار اس بات کو تسلیم کرنے تیار نہیں ہے کہ یہ غیر معلنہ برقی کٹوتی ہے بلکہ یہ کہتے ہوئے دامن بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ موسم گرما کی آمد کے پیش نظر مرمتی کام جاری ہیں جس کے سبب برقی سربراہی میں خلل پیدا ہو رہا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں برقی سربراہی کو معیاری اور بلاوقفہ رکھنے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود شہر کے کئی علاقو ںسے موصول ہونے والی شکایات میں یہ بات کہی جا رہی ہے کہ دن میں دو تا چار گھنٹے برقی منقطع کی جا رہی ہے اور شکایات پر کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ شکایات وصول ہورہی ہیں لیکن ان شکایات کے ازالہ کے لئے اتنا وقت نہیں لگایا جا رہا ہے ۔ آسمان گڑھ‘ ملک پیٹ‘ چارمینار‘ یاقوت پورہ‘ بندلہ گوڑہ‘ عطا پور‘نامپلی اور راجندر نگر کے علاقوں سے گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران متعدد شکایات وصول ہو چکی ہیں اور تین دن کے دوران حمایت نگر‘ عابڈز‘ بشیر باغ ‘ نامپلی اور دیگر علاقوں سے بھی برقی سربراہی منقطع کئے جانے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں ۔ محکمہ برقی کے عہدیداروںکا کہنا ہے کہ شہری علاقوں کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں بھی برقی سربراہی نظام کو بہتر بنانے کے لئے مرمتی کاموں کا عمل جاری ہے۔