حیدرآباد ۔31 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی غلط منصوبہ بندی اور عجلت میں کئے گئے فیصلوں کے نتیجہ میں غریب افراد بری طرح متاثر ہیں۔ لاک ڈان کے بعد سے لاکھوں کی تعداد میں ورکرس پیدل اپنے مقامات کیلئے روانہ ہوچکے ہیں۔ ہزاروں میل کا فاصلہ وہ پیدل طئے کرتے ہوئے اپنی منزل پہنچنا چاہتے ہیں۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ حکومت نے لیبر اور ورکرس کیلئے بسوں کے انتظام کے سلسلہ میں 4 تا 5 دن لگادیئے۔ انہوں نے کہا کہ حکام کو چاہئے کہ وہ نقل مقام کرنے والے مزدوروں کی منتقلی کیلئے منصوبہ تیار کریں تاکہ انہیں مصیبت سے نجات مل سکے۔ ملک کے گوداموں میں 585 لاکھ ٹن غذائی اجناس موجود ہیں۔ لہذا غریبوں کو دو تین ماہ تک مفت راشن کی سربراہی جاری رکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے نائیٹ شیلٹرس اور کمیونٹی کچن کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔