صبح 10 بجے کے بعد گھروں سے باہر نہ نکلیں ، ریاستی وزیر آبکاری سرینواس گور کا بیان
محبوب نگر /25 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت کے تلنگانہ لاک ڈاون کے اعلان کے تیسرے دن مسلسل آج بھی مستقر محبوب نگر پر مکمل سناٹا چھایا رہا ۔ مرکزی حکومت نے کل یعنی منگل کی شب رات 12 بجے سے 21 دن سارے ملک میں لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد عوام حیرت زدہ ہوگئے ۔ آج صبح 7 بجے تا 10 بجے صبح عوام کو اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے پولیس نے نرمی دی تھی ۔ عوام نے بھی اسی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے خریداری کرلی ۔ ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ جو مسلسل محبوب نگر کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں آج عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے اس فیصلہ کو قبول کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور صبح 10 بجے کے بعد ہرگز گھروں کے باہر نہ آئیں ۔ خلاف ورزی کی صورت میں پولیس کو سختی کے ساتھ کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد پونے ، ممبئی اور ملک کے دیگر علاقوں سے سینکڑوں افراد یہاں واپس ہو رہے ہیں ۔ لہذا عوام اپنی زندگیوں کی حفاظت کیلئے حکومتی اقدامات کو رضامندی سے قبول کریں ۔ بیرونی ممالک سے آنے والوں کو ابتدائی جانچ کے بعد انہیں 14 دن ہوم کورنٹائن کیا جارہاہے ۔ ایسے افراد خلاف ورزی کریں تو انہیں سیدھے جیل بھیج دیا جائے گا ۔ انہوں نے اشیائے ضروریہ زائد قیمتوں پر فروخت کرنے والوں کو اشارہ دیا کہ وہ باز آجائیں ورنہ پی ڈی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ کسی بھی مرض لاحق ہونے کی صورت میں ڈاکٹرز اور پولیس کو مطلع کریں ۔ انہوں نے آج مستقر محبوب نگر کے کئی ایک مقامات کا دورہ کرکے حالات سے آگہی حاصل کی ۔