حکومت کے موثر اقدمات سے کورونا وائرس پر کنٹرول

   

مرکزی وزارت صحت کے سکریٹری سے ریاستی چیف سکریٹری کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔26اپریل(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کو روکنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان میں سب سے اہم کنٹینمنٹ زون میں کی جانے والی سختی ہے۔ چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ مسٹر سومیش کمار نے مرکزی وزارت صحت کے سیکریٹری کی جانب سے منعقدہ ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات انتہائی مؤثر ثابت ہورہے ہیں اور ریاستی حکومت کی جانب سے کنٹینمنٹ زون اور ہاٹ اسپاٹ میں اختیار کردہ سختیوں کے سبب کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کامیابی حاصل ہونے لگی ہے۔ مسٹر سومیش کمار نے ویڈیو کانفرنس کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے اختیار کئے جانے والے ٹسٹ کے پروٹوکول اور مریضوں کی مکمل تفصیلات کے سلسلہ میں مرکزی وزارت صحت کے عہدیداروں کو واقف کرواتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائر س کے علاج کیلئے تیار کئے گئے خصوصی دواخانہ کی تفصیلات اور حکومت کی جانب سے قرنطینہ کیلئے کئے گئے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کروایا گیا۔ انہو ںنے ریاست تلنگانہ میں موجودہ صورتحال اور چیف منسٹر تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور کئے جانے والے اقدامات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کنٹینمنٹ زون اور ہاٹ اسپاٹس کے قریب کسی قسم کی کوئی رعایت فراہم نہیں کی جا رہی ہے بلکہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان علاقوں کے مکینوں کو دودھ ‘ ترکاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے اقدامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔