اندور 6 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) معروف اداکارہ شبانہ اعظمی نے آج کہا کہ آج کل جو کوئی حکومت پر تنقید کرے اسے قوم مخالف قرار دیدیا جا رہا ہے ۔ شبانہ اعظمی نے یہاں کنتی ماتھر ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یا ملک کی خامیوں اور نقائص کے تعلق سے اظہار خیال کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہے کیونکہ اسی سے ترقی ہوسکتی ہے ۔ شبانہ اعظمی نے کہا کہ ملک کے مفاد میں یہ ضروری ہے کہ ہم خامیوں اور نقائص کی نشاندہی کرتے رہیں۔ اگر ہم خامیوں کی نشاندہی نہ کریں تو بہتری کیسے آئے گی ۔ لیکن آج یہ ماحول بن گیا ہے کہ جو کوئی حکومت پر تنقید کرے اسے قوم مخالف قرار دیدیا جا رہا ہے ۔
