حکومت کے 2 سال کی تکمیل پر گاندھی بھون میں جشن

   

حیدرآباد۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ریونت ریڈی حکومت کے 2 سال کی تکمیل کے ضمن میں کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں کارکنوں کی جانب سے جشن منایا گیا۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے ریونت ریڈی نے آج ہی کے دن لال بہادر اسٹیڈیم میں حلف لیا تھا۔ حلف برداری کے 2 سال کی تکمیل پر صدر نشین فشرسیز کارپوریشن ایم سائی کمار کی قیادت میں آتشبازی کی گئی اور کارکنوں نے آپس میں مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں نے حکومت کے 2 سال کی تکمیل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کو پیامات تہنیت روانہ کئے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سائی کمار نے کہا کہ ریونت ریڈی نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے علاوہ نئی فلاحی اسکیمات کے ذریعہ ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کو 60 ہزار سے زائد سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئیں اور مزید 40 ہزار جائیدادوں پر عنقریب تقررات عمل میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی 2 سالہ کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور اسمبلی کے 2 ضمنی چناؤ میں کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے پنچایت راج چناؤ میں کانگریس کی شاندار کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے بی آر ایس اور بی جے پی کو مسترد کردیا ہے۔ 1