نئی دہلی : عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کی ہریانہ حکومت پر کسانوں، فوجیوں اور ماؤں بہنوں کی عزت اور وقار سے کھلواڑ کا الزام لگایا۔عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ اور قومی تنظیم کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر سندیپ پاٹھک نے جمعرات کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان کی پارٹی پہلی بار ہریانہ میں پوری طاقت کے ساتھ الیکشن لڑ رہی ہے ۔ اب پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال کل 20 ستمبر سے ہریانہ میں انتخابی مہم شروع کریں گے ۔ اروند کجریوال کل جمنا نگر کی جگادھری اسمبلی میں اپنا پہلا روڈ شو کریں گے ۔ جگادھری کے بعد اروند کجریوال ڈبوالی، رانیہ، بھیوانی، مہم، پونڈری، کلایت، ریواڑی، دادری، اسندھ، بلبھ گڑھ اور بادرا میں بھی انتخابی مہم چلائیں گے ۔ فی الحال اروند کجریوال 11اضلاع میں انتخابی مہم چلائیں گے جہاں ان کے 13پروگرام ہوں گے ۔پاٹھک نے کہا کہ اگر آپ ہریانہ کی سیاست کو دیکھیں تو یہ بالکل واضح ہے کہ اس بار ہریانہ سے بی جے پی کا مکمل صفایا ہونے والا ہے ۔ ہریانہ میں گزشتہ 10 برسوں سے بی جے پی کی حکومت چل رہی ہے ۔ خود بی جے پی کو اپنے وزیر اعلیٰ پر بھروسہ نہیں تھا، اس لئے انہوں نے منوہر لال کھٹر کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹا کر نایب سنگھ سینی کو نیا وزیر اعلیٰ بنایا۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پچھلے سال بی جے پی کو نیا وزیر اعلیٰ لانے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی؟ انہوں نے کسانوں اور فوجیوں کے ساتھ ناانصافی کی اور ان کی توہین کی، ہماری ماؤں بہنوں کی عزتوں سے کھلواڑ کیا۔ ہریانہ میں بے روزگاری عروج پر ہے ، مہنگائی ریکارڈ توڑ رہی ہے ۔ ہر طرف بد نظمی اور افراتفری ہے ۔ بی جے پی جانتی ہے کہ اس بار ہریانہ سے اس کا صفایا ہونے والا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب بڑا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب بی جے پی ہریانہ سے جارہی ہے ، عوام تبدیلی لا رہی ہے تو اس تبدیلی میں کس پارٹی کو موقع ملے گا؟ ہریانہ میں پہلے عوام نے ایک پارٹی کو پانچ سال کا موقع دیا، پھر دوسری پارٹی کو 10 سال کا موقع دیا اور اب گزشتہ 10برسوں سے تیسری پارٹی کی حکومت ہے ۔