پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل کْل جماعتی اجلاس سے خطاب
نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل اتوار کو کل جماعتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش پر ہونے والی اس میٹنگ میں تمام پارٹیوں سے تعاون کی اپیل کی گئی۔ تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے اس اجلاس کے دوران وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حزب اختلاف کا مشورہ اہم ہوتا ہے اور مثبت معاملوں پر خوشگوار ماحول میں بحث ہونی چاہیے۔خیال رہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس کل 19 جولائی سے شروع ہونے جا رہا ہے جو 13 اگست تک جاری رہے گا۔ اس دوران بہت سے اہم بل اور ترمیمات پر بحث ہوگی اور انہیں منظور کیا جائے گا۔ اجلاس سے ایک دن قبل منعقد ہونے والی کل جماعتی میٹنگ سے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ حکومت ہر معاملے پر اصولوں کے مطابق بحث کرانے کو تیار ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے بعد میں بتایا کہ مانسون اجلاس کے پیش نظر منعقد ہونے والی میٹنگ میں 33 جماعتوں کے 40 لیڈران نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ حزب اختلاف نے کئی اہم موضوعات پر صلاح دی ہے۔توقع کی جا رہی ہے کہ مانسون اجلاس کے دوران حزب اختلاف کی جانب سییل کی قیمتوں میں اضافہ، کورونا کی ٹیکہ کاری، کسان تحریک، رافیل ڈیل، بدعنوانی اور قومی سلامتی جیسے موضوعات کو اٹھایا جا سکتا ہے۔
ریٹائرڈ آرمی آفیسربے سہارا جانوروں کا سہارا بنیں : وزیراعظم
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان کے کوٹہ کی ہندوستانی فوج سے میجر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئیں پرمیلا سنگھ کی ان کے ہمدردی اور خدمت کے لئے تعریف کی ہے ۔دراصل کورونا میں لاک ڈاؤن کے دوران ، جہاں لوگ اپنے گھروں میں راشن کا بندوبست کرنے میں مصروف تھے ، اسی وقت میجر پرمیلا سنگھ نے ، اپنے والد شیام ویر سنگھ کے ساتھ ، بے سہارا جانوروں کی خبر گیری کی ، ان کے درد کو محسوس کیا اور ان کی مدد کے لئے آگے آئیں۔میجر پرمیلا اور اس کے والد نے اپنے سرمائے سے سڑکوں پر گھومتے ہوئے آوارہ جانوروں کے چارے اور ان کے علاج کا انتظام کیا۔ وزیر اعظم نے میجر پرمیلا کی تعریف کرتے ہوئے ایک خط ارسال کیا ہے اور ان کی کاوشوں کو معاشرے کے لئے ایک تحریک قرار دیا ہے ۔وزیر اعظم نے خط میں لکھا ہے ‘‘گذشتہ تقریباً ڈیڑھ سالوں میں ، ہم نے مضبوطی کے ساتھ ناموافق حالات کا سامنا کیا ہے ۔ یہ ایک تاریخی دور ہے جسے لوگ اپنی ساری زندگی نہیں بھولیں گے ۔ یہ نہ صرف انسانوں کے لئے بلکہ انسانوں کی قربت میں بسنے والے بہت سے جانداروں کے لئے بھی ایک مشکل دور ہے ۔ ایسی صورتحال میں آپ کا بے سہارا جانوروں کے درد اور ضروریات کے لئے حساس ہونا اور ان کی بہبود کے لئے انفرادی سطح پر پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرنا قابل ستائش ہے ۔اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ، ایسی بہت ساری مثالوں سامنے آئی ہیں جنہوں نے ہمیں انسانیت پر فخر کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔