حکومت 12 کروڑ ورکرس کی اُجرت کا تحفظ کرے : چدمبرم

,

   

Ferty9 Clinic

کورونا وائرس وباء سے نمٹنے ریاستوں کو مالی امداد کا مطالبہ ،مائیگرنٹ ورکرس کے مسائل پر توجہ ضروری

نئی دہلی۔29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر قائد و سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے حکومت پر زور دیا کہ وہ چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کے شعبہ کیلئے مالی پیاکیج کا اعلان کرے، جیسا کہ ان کی پارٹی نے تجویز پیش کی ہے۔ چدمبرم نے کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے ریاستوں کو بھی مالی امداد کی فراہمی مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔ سینئر کانگریس قائد نے کہا کہ 12 کروڑ ورکرس کی تنخواہ، اُجرت و مزدوری کے تحفظ کیلئے حکومت کو اسکیم کا اعلان کرنا چاہئے، کیونکہ آجرین کو بھی کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے مالی مسائل کا سامنا ہے۔ سابق مرکزی وزیر فینانس نے حکومت سے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے نکلنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جانی چاہئے اور لاک ڈاؤن کے باعث مختلف مقامات پر پھنسے مائیگرنٹ ورکرس کے مسائل پر توجہ کی ضرورت ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت کی جانب سے مدد کے کوئی واضح اشارے نہ ملنے کے باعث خانگی شعبہ بڑے پیمانے پر ورکرس کی کٹوتی کیلئے مجبور ہوجائے گا جس سے کروڑوں کی تعداد میں مزدور بے روزگار اور بے آسرا ہوجائیں گے۔ انہوں نے ورکرس کیلئے ’’پے چیک پروٹیکشن ‘‘ پروگرام کی بھی تجویز پیش کی اور وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ آنے والے چند دنوں میں اس کا اعلان کریں۔ چدمبرم نے کہا ہے کہ کام کاجی لوگوں اور ان کے اہل خانہ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے روزی روٹی کی غیر یقینی صورتحال کے چلتے کشیدگی کا ماحول ہے اس لئے حکومت کو ان کی مدد کے لئے امدادی پیکیج کا اعلان کرنا چاہئے ۔چدمبرم نے چہارشنبہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک کا کام کاجی طبقہ نجی کمپنیوں کی مالی حالات کو دیکھتے ہوئے اپنی روزی روٹی کا مسئلہ اور مستقبل کی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے۔ نجی شعبے کیلئے حکومت کی جانب سے مدد کے کوئی واضح اشارہ نہیں ہے تو یہ سیکٹر بڑے پیمانے پر چھٹنی اور کٹوتی کا سہارا لینے پر مجبور ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبوں سے ملنے والے اشارے کی وجہ سے کام کاجی لوگوں اور ان کے خاندان کے رکن دباؤ اور بے یقینی کی صورت حال میں ہیں اور اگر نجی شعبے سچ مچ ایسا قدم اٹھاتے ہیں تو اس سے لاکھوں کا ذریعہ معاش تباہ ہو جائے گا اور بہت سے خاندان تباہ ہو جائیں گے ،

لہذا وزیر اعظم نریندر مودی کو اس طبقے کی مدد کے لئے اقتصادی پیکیج کا اعلان کرنا چاہئے ۔سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ ان کی پارٹی اگلے تین ماہ کے لئے عارضی بنیاد پرای پی ایف اور ملازمین کی ریاستی انشورنس۔ای ایس آئی میں آجروں کے شراکت کی رعایت کی بھی تجویز پیش کرتی ہے ۔ یہ آجروں کی پے رول اخراجات کو کم کرنے اور افرادی قوت کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے 6.3 کروڑ چھوٹے چھوٹے اور اوسط درجہ کی صنعتوں کی مدد کے لئے مخصوص اور ٹھوس تجاویز کے ساتھ ایک تجویز تیار کی ہے اور انہیں امید ہے حکومت ان پر غور کریں گے ۔