حکومت 6دن میں انتخابات کا اعلان کرے : عمران خان

   

اسلام آباد : پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو کہا کہ شہباز شریف کی قیادت والی حکومت پارلیمنٹ کو تحلیل کرے اور نئے انتخابات کا اعلان کرے ورنہ وہ چھ دن بعد دوبارہ اسلام آباد واپس آئیں گے ۔جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے صدر نے یہ بات جناح ایونیو میں ‘آزادی مارچ’ میں شریک کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس کے بعد وہ بنی گالہ کے لئے روانہ ہوگئے ۔رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کا مارچ بدھ کی رات اسلام آباد کے سخت حفاظت والے ممنوعہ ریڈ زون میں داخل ہوگیا تھا۔ اس علاقے میں سپریم کورٹ، وزیراعظم کی رہائش گاہ، امریکی سفارتخانہ سمیت کئی حساس عمارتیں ہیں۔جناح ایونیو میں اپنی تقریر میں مسٹر خان نے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا سے 30 گھنٹے کے سفر کے بعد دارالحکومت پہنچے ہیں۔انہوں نے کہا ‘‘حکومت نے ہمارے آزادی مارچ کو کچلنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ انہوں نے پرامن احتجاج پر آنسو گیس کے گولے داغے ، ہمارے گھروں پر چھاپے مارے گئے اور ہماری رازداری کی خلاف ورزی کی گئی۔ تاہم میں نے ملک کو غلامی کے خوف سے آزاد ہوتے دیکھا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ کراچی میں ان کی پارٹی کے تین کارکنوں کو قتل کیا گیا، جب کہ دو کارکنوں کو راوی برج سے پھینک دیا گیا اور ہزاروں افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔