حکیم اجمل خان میونسپل ہاسپٹل کی تعمیر میں تاخیر کیوں: بامبے ہائیکورٹ

   

ممبئی: بامبے ہائی کورٹ نے ممبئ سے متصلہ کوسہ ممبرا میں زیر تعمیر حکیم اجمل خان میونسپل اسپتال کے سلسلے میں اے پی سی آر مہاراشٹر کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے تھانے میونسپل کمشنر اور دیگر فریقین سے وضاحت طلب کی ہے کہ اسپتال کو مقررہ تین ماہ میں شروع کیوں نہیں کیا گیا۔اے پی سی آر مہاراشٹر نے ممبئی ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست نمبر 26298/2024 دائر کی تھی، جس پر چیف جسٹس کی بنچ نے سماعت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کیا۔ قبل ازیں، 2022 میں دائر ایک عوامی مفاد کی درخواست پی آئی ایل نمبر 24/2022 پر سماعت کے بعد، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس عارف ڈاکٹر نے تھانے میونسپل کارپوریشن کو حکم دیا تھا کہ اسپتال کو عوام کے لیے کھولا جائے اور سنگ بنیاد کے وقت پاس کی گئی قرارداد نمبر 750 کے مطابق خدمات فراہم کی جائیں۔ اس فیصلے میں خاص طور پر غریب اور پسماندہ طبقات، جن کے پاس راشن کارڈ نہیں ہے ، کو مفت علاج اور دوائیں فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔