حکیم غوث الدین اور فیض محمد اصغر کے طبی و سماجی خدمات کو بھر پور خراج

   

جلسہ تعزیت میں جناب زاہد علی خاں ، ڈاکٹر ابوالحسن اشرف اور رفیع حیدر شکیب کی مخاطبت
حیدرآباد ۔ 12 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے حکیم سید غوث الدین سابق یونانی مشیر اور فیض محمد اصغر جرنلسٹ کے سانحہ ارتحال پر ان کے خدمات کو بھر پور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دو اصحاب سیاست کے ساتھی تھے اور ہر وقت سیاست کے کاموں میں پیش پیش رہتے تھے ۔ بالخصوص یونانی طب کے اہم کورس بی یو ایم ایس میں جب نظامیہ طبی کالج میں داخلے بہت کم ہوگئے تھے تو انہوں نے ادارہ سیاست کے تحت داخلوں کا بیڑہ اٹھایا اور آج نہ صرف حیدرآباد کے نظامیہ طبی کالج بلکہ کرنول کے ڈاکٹر عبدالحق یونانی طبی کالج میں بی یو ایم ایس میں داخلے کے لیے 1:30 کے تناسب سے مقابلہ ہے ان کی موت سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ تلنگانہ اور متحدہ آندھرا پردیش کے لیے بھی ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ فیض محمد اصغر کے خدمات کو خراج پیش کرتے ہوئے جناب زاہد علی خاں نے بتلایا کہ انہوں نے مختلف محکمہ جات سے تاریخی دستاویزات کو جو ہمارے اسلاف کے عمارتوں اور کارناموں پر سرکاری دفاتر اور محکمہ جات میں ختم ہورہی تھی اس کو ڈاکومنٹری شکل دی اور ادارہ سیاست نے اس کو ڈیجٹلائز کرتے ہوئے محفوظ کردیا ۔ یہ ان کا عظیم کارنامہ ہے ۔ ان اصحاب کے لیے ہمیں تعزیتی جلسہ کے بجائے دعائیہ اجتماع کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کرنا چاہئے ۔ اس جلسہ کو ڈاکٹر اے اے خاں صدر یونانی میڈیکل آفیسر نے مخاطب کرتے ہوئے خدمات کو خراج پیش کیا ۔ ڈاکٹر ابوالحسن اشرف ممبر سی سی آئی ایم نے ڈاکٹر سید غوث الدین کے طبی خدمات پیش کرتے ہوئے ان کے زائد از 4 دہوں پر مشتمل طبی خدمات میں کانفرنسوں کے انعقاد کا حوالہ دیا اور فیض محمد اصغر سے ان کے اور برادر سے اپنے والد ڈاکٹر احمد اشرف فرحت کی دیرینہ رفاقت کا حوالہ دیا ۔ جناب ریاض احمد سکریٹری تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹ نے ان دونوں مرحومین کے اوصاف اور ملنساری کے حوالہ سے بتایا کہ وہ آج بھی بے شمار افراد کے دلوں میں جگہ بنائے ہوئے ہیں ۔ تعزیتی جلسہ سے مقتدی بابا ، مسعود وکیل قریشی ، ابراہیم جیلانی ، ڈاکٹر رحمن خاں ، سعد اللہ خاں سہیل ، ڈاکٹر خواجہ بدر الدین صدر یونانی طبی کانفرنس اور ڈاکٹر رفیع حیدر شکیب صدر یونانی میڈیکل اسوسی ایشن نے مخاطب کرتے ہوئے ان کے خدمات کو خراج ادا کیا ۔ اس موقع پر یونانی اطباء ، حکماء ، ڈاکٹر حیدر یمانی ، احمد صدیقی مکیش ، افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ ، ڈاکٹر عباس خاں ، محبوب علی رفاعی ایڈوکیٹ ، علی رضا سماجی قائد ، ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ ، ڈاکٹر مجیب خاں ، ڈاکٹر سلیم خاں موجود تھے ۔ عبداللہ خاں کی قرات سے آغاز ہوا ۔ ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ آخر میں سید خالد محی الدین اسد نے شکریہ ادا کیا ۔۔