حیات نگر کے ہاسپٹل اور ڈاکٹرس کے خلاف مقدمہ درج

   

حیدرآباد ۔14 مارچ (سیاست نیوز) حیات نگر پولیس نے ایک ہاسپٹل اور اس کے ڈاکٹرس کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ حیات نگر پولیس ذرائع کے مطابق 23 سالہ رینوکا کل رات ایک ہاسپٹل میں سرجری کے بعد فوت ہوگئی تھی۔ اس لڑکی کا 11 مارچ کو ایک دوسرے ہاسپٹل میں ابارشن ہوا تھا۔ رینوکا پیشہ سے خانگی ملازم امبیڈکر نگر کالونی کے ساکن نرسمہا کی بیٹی تھی۔ لڑکی عاملہ ہوگئی تھی تاہم اس کے حاملہ ہونے کے ذمہ دار کی نشاندہی نہیں ہوپائی ہے۔ رینوکا کو تین ماہ کا حمل تھا اور اس کو ایک مقامی ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں لڑکی کا ابارشن کیا گیا جس کے بعد آج اچانک لڑکی کی صحت خراب ہوئی اور اس کو دوسرے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی سرجری کی اور معائنہ کے بعد بتایا تھا کہ ابارشن کے دوران لاپرواہی کے سبب لڑکی کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے اور اس دوران لڑکی فوت ہوگئی۔ حیات نگر پولیس نے پہلے ہاسپٹل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔