ممبئی، 10 مئی (ایجنسیز) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے تین مقامات کو شارٹ لسٹ کیا ہے اور اگر حکومت ہند انڈین پریمیئر لیگ کے بقیہ سیزن کو مئی میں ہی دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دیتی ہے تو بقیہ میچز منعقد کئے جاسکیں گے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث 18ویں ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کو جمعہ کو ایک ہفتے کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔ بی سی سی آئی نے مئی میں آئی پی ایل کی بقیہ میزبانی کے لیے تین مقامات کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ ’ای ایس پی این کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے بشمول پلے آف آئی پی ایل کے سیزن کے بقیہ 16 میچوں کی میزبانی کیلئے حیدرآباد، بنگلورو اور چینائی کا انتخاب کیا ہے۔ اگر آخرکار ایسا ہوتا ہے تو ایڈن گارڈنز (کولکاتا) شاید پہلے کی منصوبہ بندی کے مطابق آئی پی ایل کے فائنل کی میزبانی نہ کرپائے۔ اصل شیڈول کے مطابق ایڈن گارڈنز کو کوالیفائر 2 اور فائنل کی میزبانی کرنی تھی، جبکہ کوالیفائر 1 اور ایلیمنیٹر کی میزبانی حیدرآباد کو کرنی تھی۔ تاہم، رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ آیا بی سی سی آئی نے یہ فیصلہ کرنے کیلئے کوئی وقت کا طے کیا ہے کہ آیا یہ ٹورنامنٹ مئی میں ہی دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔ اسی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فرنچائز حکام کو جمعہ کو بی سی سی آئی نے اس فیصلہ کے بارے میں غیر رسمی طور پر مطلع کیا تھا۔ تاہم، کچھ فرنچائز حکام نے اشارہ دیا کہ اگر بی سی سی آئی کو مئی میں آئی پی ایل کے سیزن کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے اجازت نہیں ملتی ہے تو سیزن کا بقیہ حصہ سال کے آخر میں کھیلا جا سکتا ہے۔اگر ٹورنامنٹ مئی میں ہی ہونا ہے تو پھر ہندوستانی کرکٹ بورڈ کیلئے سب سے بڑا چیلنج اُن اوورسیز اسٹارز کو واپس لانا ہوگا جو پہلے ہی اپنے ملک روانہ ہوچکے ہیں۔ابھی تک، اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ اگر ٹورنامنٹ مئی 2025 میں شروع ہو سکتا ہے تو تمام غیر ملکی اسٹارز ہندوستان واپس آئیں گے۔ سیزن کا 58 واں میچ جمعرات کو پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان جاری تھا، لیکن اسے 10.1 اوورز کے کھیل کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔چار پلے آف گیمز کے علاوہ 12 لیگ میچز باقی ہیں۔ فائنل پہلے 25 مئی کو ہونا تھا۔ اگر بورڈ مئی میں ٹورنامنٹ دوبارہ شروع کرنا چاہتا ہے تو اس پر فوری فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل 11 جون کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہونا ہے۔