حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر گرائجویٹ ایم ایل سی ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی یقینی

   


رائے دہندوں کا مثبت ردعمل، انتخابی حلقوں میں وزراء اور دیگر قائدین کا خطاب

حیدرآباد : ایم ایل سی گریجویٹ حلقہ حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر کی ٹی آر ایس امیدوار وانی دیوی کے حق رائے دہندوں کا مثبت ردعمل پایا جاتا ہے اور ان کی کامیابی یقینی ہے۔ گریجویٹ حلقہ کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں آج مشیرآباد میں جلسہ عام منعقد کیا گیا۔ ریاستی وزیرسرینواس یادو، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم، رکن اسمبلی ایم گوپال اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ محمد سلیم نے وزیرداخلہ محمد محمود علی کے ہمراہ اعظم پورہ میں منعقدہ جلسہ عام سے بھی مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں طلباء اور نوجوانوں کی بھلائی اور ترقی کے کئی اقدامات کئے گئے۔ تمام طبقات کیلئے حکومت نے تعلیمی اور معاشی ترقی کو یقینی بنایا ہے۔ محمد سلیم نے کارکنوں کو مشورہ دیا کہ گھر گھر پہنچ کر گریجویٹ رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس امیدوار کے حق میں ووٹ کی اپیل کریں۔ بی جے پی اور کانگریس کے حق میں ووٹ دینا اپنے ووٹ کو ضائع کرنا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ ترقی اور فلاح و بہبود میں ملک کی نمبر ون ریاست ہے۔