حیدرآباد، سرد موسم کیلئے تیار ہو جائیں، درجہ حرارت میں بتدریج کمی

   

حیدرآباد۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) شہر میں موسم سرما بتدریج اپنی گرفت بنانے لگا ہے اور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت میں قابل لحاظ کمی ہونے لگی ہے۔ سرد موسم کی دجہ سے چہل قدمی کرنے والے افراد اپنے سویٹرس کا استعمال کرنے لگے ہیں جبکہ ہوا میں بھی فرحت بخش خنکی محسوس کی جانے لگی ہے۔ منگل کی صبح میں شہر میں مطلع ابر آلود رہا جس کے بعد موسمی تبدیلی کے اثرات محسوس ہونے لگے۔ محکمہ موسمیات کی سائنسدان ڈاکٹر اے سراوانی کی پیش قیاسی کے بموجب شہر میں اب درجہ حرارت میں واضح کمی ہوگی حالانکہ دوپہر کے اوقات میں قدرے گرمی محسوس ہوگی تاہم حیدرآبادی عوام کو رات کے اوقات میں کم درجہ حرارت کا احساس ہوگا۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ حالانکہ فی الحال درجہ حرارت معمول کے مطابق درج ہو رہا ہے لیکن جمعہ سے اس میں قابل لحاظ کمی آسکتی ہے۔ ڈاکٹر سراوانی نے کہا کہ عوام کو آئندہ چند دنوں سے اعظم ترین درجہ حرارت میں بتدریج کمی محسوس ہوگی اور صبح کے اوقات میں کہر اور نمی ہوگی اور رات کا درجہ حرارت بھی گھٹ جائے گا۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ مغربی سمت سے موسمی حالات کی تبدیلی کے نتیجہ میں کچھ بارش بھی ہوسکتی ہے، حالانکہ یہ یکا دوکا مقامات پر ہوگی لیکن اس کے شہر کے موسم پر خوشگوار اثرات ہوسکتے ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے بموجب ریاست کے کئی اضلاع میں ماہ نومبر میں معمول سے کم بارش ہوسکتی ہے۔ اس دوران موسمی رپورٹ کے مطابق ریاست میں نومبر سے جنوری کے دوران سردی کی شدت معمول سے کم ہوسکتی ہے۔ کہا گیا ہے کہ خاص طور پر تلنگانہ کے شمالی اور مشرقی اضلاع میں سردی میں شدت محسوس ہوگی اور اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ آئے گی۔ سب سے کم درجہ حرارت عموماً شمالی اور مشرقی اضلاع میں درج ہوگا جبکہ جنوبی اور جنوب مشرقی اضلاع میں سردی کی شدت قدرے کم ہوسکتی ہے۔ رپورٹ میں خاص طور پر کہا گیا ہے کہ کچھ مقامات جیسے پٹن چیرو، رامچندرا پورم، سیری لنگم پلی، راجندر نگر، اپل، ملکاجگری، کاپرا وغیرہ میں درجہ حرارت 11 ڈگری سیلسیس تک گرسکتا ہے۔ جی ایچ ایم سی کے وسطی علاقوں میں درجہ حرارت 11 ڈگری سلسیس سے زیادہ درج ہوسکتا ہے۔