حیدرآبادمیں آئندہ دو دنوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی

   

حیدرآباد9اکتوبر(یواین آئی) محکمہ موسمیات نے آئندہ 2دنوں کے دوران شہر حیدرآباد میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔کل شب بارش کے نتیجہ میں شہر میں عام زندگی مفلوج ہوگئی۔گاڑی سواروں کو سڑکوں پر پانی کی وجہ سے مشکل صورتحال کاسامنا کرناپڑا تاہم بارش سے متعلق مشکلات عوام کا آئندہ چند دنوں تک پیچھا کرتی رہیں گی کیونکہ محکمہ موسمیات نے ریاست میں آئندہ 2دنوں کے دوران بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔محکمہ نے کہا کہ شمال اور شمال مغرب کی سمت سے طوفانی ہوائیں تلنگانہ کی سمت بڑھ رہی ہیں جسکے نتیجہ میں بارش ہوگی ۔ شمالی وسطی بحریہ عرب تا مغرب وسطی خلیج بنگال میں طوفانی گرداب بناہوا ہے جس نے رائلسیما اور اے پی کی ساحلی پٹی کا بھی احاطہ کیا ہے ۔شمالی انڈومان میں ہوا کے کم دباو کا علاقہ بننے کا امکان ہے جو مزید شدت اختیار کرے گااور شمال مغرب سے ہوتے ہوئے جنوبی اوڈیشہ اور شمالی ساحلی آندھراپردیش آئندہ چارتا پانچ دنوں میں پہنچے گا۔