حیدرآبادمیں جشن جمہوریہ کی تقریب کا جوش وخروش

   

حیدرآباد26جنوری(یواین آئی) تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآبادمیں جوش و خروش کے ساتھ جشن جمہوریہ منایا گیا۔ مختلف سرکاری اداروں کے سربراہوں نے کوویڈ کے رہنمایانہ خطوط پر عمل کرتے ہوئے متعلقہ دفاتر پر قومی پرچم لہرایا۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے اسپورٹس کامپلکس گراونڈس سکندرآباد میں جشن جمہوریہ منایاگیا۔جنرل منیجر سنجیوکشور نے قومی پرچم لہرایا اور آرپی ایف کے جتھوں کے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔پریڈ میں ڈاگ اسکواڈ نے بھی حصہ لیا۔کمشنر گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) لوکیش کمار نے کارپوریشن کے ہیڈکوارٹرس پر ترنگالہرایا۔مئیر حیدرآباد گدوال وجئے لکشمی، جی ایچ ایم سی کے عہدیدار اس موقع پر موجود تھے ۔ڈپٹی مئیر سری لتانے تارناکہ ڈیویثرن میں واقع کیمپ آفس پر ترنگالہرایا۔بیشتر دیگر اداروں جیسے ٹی ایس ٹرانسکو، ٹی ایس آرٹی سی، انفارمیشن سیول رائٹس ، واٹر بورڈ ، انڈین ریلویز انسٹی ٹیوٹ آف سگنل انجینئرنگ اینڈ ٹیلی کمیونکیشنس اور این ایم ڈی سی میں بھی جشن جمہوریہ کی تقاریب منعقد کی گئیں۔تعلیمی اداروں جیسے جامعہ عثمانیہ ، حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی،بیشتر اسکولس اور کالجس میں بھی یوم جمہوریہ منایا گیا۔ اقامتی اسکولس میں بھی تقاریب منعقد کی گئیں اور ملک کی آزادی کے لئے جان نچھاور کرنے والوں کو خراج پیش کیاگیا۔