حیدرآبادکو فلم انڈسٹری کے قومی مرکز میں تبدیل کرنے کا عہد

   

غدرفلم ایوارڈ کی 19فبروری کو پیشکشی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کا اعلان
حیدرآباد :4فبروری ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حیدرآباد کو فلم انڈسٹری کے مرکز میں تبدیل کرنے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے ۔ بھٹی وکرامارکا نے انقلابی شاعر غدر کے نام سے دیئے جانے والے فلم ایوارڈس کے جیوری ممبرس کیساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تلگو فلم انڈسٹری کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے اور حیدرآباد کو فلم انڈسٹری کے قومی مرکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی ،کولکتہ اور چینائی میں فلم انڈسٹری کی توسیع کے امکانات کافی کم ہے جبکہ حیدرآباد میں فلم انڈسٹری کی توسیع اور ترقی کے بہتر مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں کئی فلم میکرز نے فلموں کی تیاری میں دلچسپی دکھائی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں مختلف زبانوں کی فلموں کو فروغ دیا جاسکتا ہے ۔ فلم انڈسٹری کے فروغ سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیشن ، رائٹرس اور ڈائرکٹرس بھی فلم انڈسٹری کی ترقی سے مستفید ہوں گے ۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ سابق ٹی آر ایس حکومت نے فلم انڈسٹری اور فلم ایوارڈس کو نظرانداز کردیا تھا ۔ کانگریس حکومت نے فلم ایوارڈس کو بحال کیا ہے ۔ عظیم انقلابی شاعر غدر کے نام سے فلمی شخصیتوں کو ایوارڈس دیئے جائیں گے ۔ گزشتہ سال سے غدر فلمی ایوارڈ کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ غدر فلم ایوارڈ کیلئے 6فبروری سے فلموں کی نمائش کا آغاز ہوگا اور 19فبروری کو ایوارڈ تقریب منعقد ہوگی ۔ اجلاس میں فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین دل راجو ، کمشنر اطلاعات پرینکا ، فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ایگزیکٹیو ڈائرکٹر کشور بابو اور دوسروں نے شرکت کی ۔ 1