حیدرآبادیوں کو سلام، جذبہ ہمدردی اللہ کا انعام

   

lیو پی کے 17 سالہ شہید نوجوان فیصل کے خاندان کو 8.56 لاکھ روپیوں کی فراہمی
lعطیہ دہندگان سے جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین کا اظہار تشکر
حیدرآباد۔ اللہ عزو جل نے حیدرآبادیوں کو بہت ساری نعمتوں سے نوازاہے جس کیلئے بارگاہ رب العزت میں جتنا بھی شکر بجالائیں کم ہے۔ مثال کے طور پر اللہ تعالیٰ نے حیدرآبادیوں کے دلوں میں چاہے وہ غریب ہوں یا امیر دوسروں بالخصوص ضرورت مندوں کی مدد و پریشان حال لوگوں کی امداد اور کمزوروں کی آواز بننے کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہے۔ ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ فلسطین میں کسی ایک ننھے مجاہد کو گولی بھی لگتی ہے تو حیدرآبادی اس کا درد اپنے سینے میں محسوس کرتے ہیں۔ شام میں تباہی و بربادی کے درمیان لوگ بھوک و پیاس سے بلبلاتے ہیں تو ہم حیدرآبادی خود میں اسی بھوک و پیاس کی شدت کو محسوس کرنے لگتے ہیں۔ برما میں ہمارا کوئی بھائی سرکاری دہشت گردی پر تڑپ اُٹھتا ہے تو حیدرآباد ی بھی تڑپ اُٹھتے ہیں۔ گجرات ، یو پی، دہلی، ہریانہ، بہار اور کشمیر کے مسلمانوں کی آنکھوں سے جب آنسو رواں ہوتے ہیں تو حیدرآبادی ان کا درد اپنے دل میں محسوس کرتے ہیں اور اپنے پریشان حال بھائیوں کی مدد کیلئے دوڑ پڑتے ہیں۔ حال ہی میں اُتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی پولیس نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھر کے سامنے ترکاری فروخت کرنے والے 17 سالہ خوبرو نوجوان فیصل کو شدید زدوکوب کرکے شہید کردیا تھا۔ فیصل کے ضعیف وبیمار ماں باپ کی فریاد، اُن کی آہ و بکا کو مودی و یوگی حکومت نے تو نظرانداز کردیا لیکن ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ فوری حرکت میں آئے اور ان دونوں شخصیتوں نے روز نامہ ’سیاست‘ کے ذریعہ فیصل کی دردناک کہانی حیدرآبادی شہریوں تک پہنچائی۔ جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین کی آواز دنیا بھر میں پھیلے ہوئے قارئین ’سیاست‘ اور فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان تک بھی پہنچی اور پھر صرف دو تین دن میں شہید نوجوان فیصل کے والدین کے اکاؤنٹ میں 8 کھ 56 ہزار روپئے جمع کروائے گئے۔ جس پر فیصل کے والدین ، بہن اور بھائی نے حیدرآبادی شہریوں اور خاص طور پر ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کا شکریہ ادا کیا۔ اس سلسلہ میں ’ سیاست‘ اور فیض عام ٹرسٹ نے فیصل کے چھوٹے بھائی کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ فیصل شہید کے چھوٹے بھائی حفظ کررہے ہیں اور انہوں نے دس پارے حفظ کرلئے ہیں۔ اب ’ سیاست‘ اور فیض عام ٹرسٹ نے اس لڑکے کو حیدرآباد میں معیاری تعلیمی ادارہ میں شریک کرواکر اسے زیور علم سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ وہ لڑکا انجینئر بننے کا خواہاں ہے۔ ان دونوں اداروں نے شہید فیصل کی بیمار بہن کا علاج کروانے سے بھی اتفاق کیا ہے۔ بہرحال ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے حیدرآبادیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔