حکومت تلنگانہ سے امداد کی اپیل، متاثرہ خاتون کے افراد خاندان پریشان حال
حیدرآباد 10 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآبادی خاتون برطانیہ میں سڑک حادثہ میں زخمی ہوگئی اور دوران علاج وہ کوما میں چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقہ چیتنیہ پوری کی ہیما بندو 5 ماہ قبل برطانیہ گئی اور وہاں پر میٹن سٹی کے بروک ہیونس دواخانہ میں بطور نگرانکار کام کررہی تھی۔ 24 اکٹوبر کو وہ سڑک عبور کررہی تھی کہ ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھی جسے فوراً پولیس نے دواخانہ منتقل کردیا اور ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جو نشہ کی حالت میں ٹرک چلارہا تھا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ ہیما بندو کے والدین نے تلنگانہ حکومت سے درخواست کی کہ ان کی لڑکی کے علاج کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے۔ برطانیہ میں ان کی لڑکی کے علاج کے لئے لاکھوں روپئے کے اخراجات آئیں گے۔ متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والا خاندان اپنی بیٹی کا علاج کرانے سے قاصر ہیں۔ یہ لوگ حیدرآباد میں ہیں اور ان کی بیٹی برطانیہ میں۔ لڑکی سے ملاقات کرنے اور اس کی مزاج پرسی کو بھی جانے سے قاصر ہیں۔انھوں نے اُمید ظاہر کی کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے امداد ملنے کے بعد ان کی بیٹی ٹھیک ہوجائے گی اور بہت جلد حیدرآباد واپس ہوگی۔ (ش)