حیدرآبادی خاتون مسجد حرام میں لاپتہ

   

حیدرآباد ۔۔31 اکٹوبر (سیاست نیوز) دو ہفتے قبل مکہ مکرمہ کی مسجد حرام میں لاپتہ ہونے والی حیدرآبادی خاتون کا ہنوز کوئی سراغ نہیں ملا ہے اور ان کی تلاش شوہر اور ساس کے ساتھ متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب میں حیدرآبادی برادری بنگلورو کے علاوہ حیدرآباد میں بھی کررہی ہے۔مراد نگر سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ سیدہ واجیہہ واجد ، حیدرآباد سے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں اپنے شوہر اور ساس کے ساتھ بنگلورو سے عمرہ کے لئے مکہ روانہ ہوئی تھیں۔ وہ 9 اکتوبر کو شام 9 بجے کے قریب مسجد حرام کے صحن سے غائب ہوگئیں۔ ان کے شوہر سید سرور احمد اور ساس جبین اپنے دیگر رشتہ داروں کے ساتھ مکہ مکرمہ اور اس کے آس پاس ان کی تلاش کر رہے ہیں اور انہوں نے دواخانوں ، رہن خانوں ، تھانوں اور جیلوں میں تلاش کیا ہے۔ اہل خانہ نے ہندوستانی قونصل خانے کی مدد سے مکہ مکرمہ میں پولیس سے رابطہ کیا ہے ، لیکن ابھی تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ہندوستانی قونصل خانہ مقامی حکام کے ساتھ معاملے کی پیروی کر رہا ہے اور سوشل میڈیا پر اس مقدمہ کی تازہ ترین تفصیلات جاری کررہا ہے۔ٹورآپریٹرسراج کے مطابق ایک اور گمشدگی کے معاملے میں ورنگل سے تعلق رکھنے والے معمر شہری 72 سالہ تفضل حسین ، جو تین دن سے لاپتہ تھے وہ حرم کے اندر پائے گئے۔