حیدرآبادی شخص نے لاکھوں درہم کھوئے اور امارات کے مخیر حضرات سے امداد پائی

   

دوبئی۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں پیدا ہونے والے حیدرآبادی والدین کے بیٹے عبدالوہاب کی لاپرواہی سے ایک ایسا واقعہ رونما ہوا جو وہ زندگی بھر فراموش نہیں کریں گے۔ مارچ 2015ء میں انہوں نے 105,439 درہم سے بھرا ہوا بیاگ غلطی سے کچرے کے ایک ڈھیر میں پھینک دیا تھا اور جب تک انہیں احساس ہوتا، اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ اب ان کی حالت ایسی تھی کہ وہ بالکل قلاش اور فقیر ہوگئے تھے لیکن مالی امداد کے لئے جب 37 سالہ عبدالوہاب نے مختلف ذرائع سے اپیلیں کیں تو انہیں امارات کے باشندوں کی فراخدلی کا اندازہ ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مالی امداد کرنے والوں نے ایک ایسا کام کر دکھایا جس کی انہوں نے توقع بھی نہیں کی تھی اور اس طرح عبدالوہاب کے پاس 82,400 درہم جمع ہوگئے۔ امارات میں مختلف ممالک کے شہریوں نے ان کی ہر ممکنہ مالی مدد کی جس نے ایک بار پھر ان کے (عبدالوہاب) انسانیت پر اعتقاد کو تقویت بخشی۔ عبدالوہاب اب پہلی فرصت میں حیدرآباد میں مقیم اپنے والدین سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں جن سے انہوں نے گزشتہ سات سال سے ملاقات نہیں کی ہے۔