حیدرآباد ۔ 22 جون (سیاست نیوز) کسی زمانے میں ملک کی تہذیب اور شہروں کی طرز زندگی معلوم کرنا کسی قدر مشکل تھا لیکن آج عصری دور میں آن لائن آرڈرز نے یہ مشکل آسان کردی کیونکہ آج ہندوستان کے تقریباً ہر بڑے شہر حیدرآباد، دہلی، بنگلور، ممبئی، کولکتہ، چینائی، جے پور، پونے، بھوپال، ایزو، دہرادون، لکھنؤ، ناسک، گوہاٹی، وشاکھاپٹنم، اورنگ آباد اور دیگر شہروں میں یومیہ زندگی کے کئی امور کی تکمیل آن لائن آرڈر پر ہورہی ہے جس سے اندازہ ہورہا ہیکہ کسی شہر کے لوگ کس چیز میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔ اسی تناظر میں اوبیر ایٹ نے ہندوستان کے کئی اہم شہروں میں غذائی اشیاء کی اپنے آن لائن آرڈرز کی تفصیلات کا تجزیہ مطالعہ کرکے جو نتائج فراہم کئے ہیں اس سے ملک کے مختلف اور اہم شہروں کے عوام کی طرز زندگی اور ان کی پسند کا اندازہ لگانا آسان ہوچکا ہے۔ آن لائن آرڈرز میں نوابوں کے شہر حیدرآباد کا تذکرہ کریں تو حیدرآبادیوں کی پہلی پسند آن لائن بھی بریانی ہے ۔ اسکے علاوہ ہندوستان بھر میں حیدرآباد ایسا سرفہرست شہر ہے جہاں مسالحہ دار کھانوں کی زیادہ مانگ ہے جبکہ حیدرآبادی عوام میٹھے کے بھی بڑے شوقین ہے اور ان کی پہلی پسند سوکھے میوے جات سے تیار کئے جانے والے میٹھے ہیں۔ اوبیرایٹ نے رواں سال جنوری تا مئی 2019ء تک ہندوستان بھر کے اہم شہروں سے آنے والے آرڈرز کا مواد جمع کیا اور اس میں کھانوں کے اختیار سے فہرست تیار کی ہے اور اس فہرست میں سارے ہندوستان کی بات کی جائے تو سب سے زیادہ ’’زیادہ ساس‘‘ کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے جس کے بعد مسالے دار کھانے اور زیادہ پیاز کا مقام ہے۔ زیادہ پیاز کھانے والوں میں بھی حیدرآبادی، بنگلور اور وشاکھاپٹنم کے عوام سب سے آگے ہیں۔ مسالے دار کھانے والوں میں اورنگ آباد اور سورت کے عوام آگے ہیں۔ چکن بریان کا سب سے زیادہ آرڈر حیدرآباد، چینائی اور کولکتہ سے آتا ہے، ناسک والے آئسکریم زیادہ کھاتے ہیں جبکہ بنگلور کی عوام برگر کو سب سے پہلے ترجیح دیتے ہیں۔
