حیدرآبادی محبوب خان بحرین میں سنہری کامیابی کیلئے پُرعزم

   

حیدرآباد ۔ 24 اکٹوبر (سیاست نیوز) مکسڈ مارشل آرٹس میں تلنگانہ کی نمائندگی کرتے ہوئے جونیر سطح پر عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرنے والے محبوب خان اپنے کارناموں کی فہرست میں مزید ایک اضافے کیلئے پرعزم ہیں جیسا کہ وہ اب سینئر سطح کے امیچر مسکڈ مارشل آرٹس چمپئن شپ 2019ء میں ہندوستان کی نمائندگی کررہے ہیں جوکہ 10 تا 17 نومبر بحرین میں منعقد شدنی ہے۔ شیخ خالد قومی کوچ نے کہا کہ خلیفہ اسپورٹس سٹی میں منعقد شدنی اس عالمی ایونٹ میں حیدرآبادی کھلاڑی محبوب خان سے ایک اور سنہری کامیابی کی اس لئے بھی امید کی جارہی ہے جیسا کہ انہوں نے روس میں گذشتہ برس منعقدہ جونئر ورلڈ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے ۔اس کامیابی کے دوران انہوں نے سیمی فائنل میں بحرین اور فائنل میں روس کے حریف کو شکست دی تھی۔ اب وہ سینئر زمرے کے عالمی چمپئن بننے کیلئے پُرعزم ہیں۔ محبوب خان نے اس سے قبل بحرین میں کامیابی کے علاوہ حیدرآباد جم کلب وار، تلنگانہ فائیٹ لیگ، نیشنل چمپئن شپ اور متعدد ٹورنمنٹس میں شرکت کرنے کے علاوہ سنہری فتوحات حاصل کی ہیں۔