اسلامک بینکنگ میں گذشتہ 17 برسوں سے مختلف ممالک میں نمایاں خدمات
حیدرآباد۔/31 مارچ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ تعلیم کا شعبہ ہو یا پھر انتظامی امور کی صلاحیت اہل حیدرآباد نے یوروپ، امریکہ اور خلیجی ممالک میں اپنی بے مثال کارکردگی کے ذریعہ ملک کا نام روشن کیا ہے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کئی نوجوان بیرونی ممالک میں ملٹی نیشنل کمپنیوں میں نمایاں عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حیدرآباد کے ہی ایک اور سپوت کو متحدہ عرب امارات کی مشہور اسلامک فینانس کنسلٹنسی نے دارالشریعہ کا چیف ایگزیکیٹو آفیسر (CEO) مقرر کیا ہے۔ اسلامی اور تحریکی فکر کے حامل حافظ عمار احمد تین سال قبل دارالشریعہ میں ڈپٹی سی ای او کے عہدہ پر فائز کئے گئے تھے۔ انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور اسلامک فینانسنگ کے شعبہ میں ادارہ کی کارکردگی کو چار چاند لگادیئے جس کے اعتراف میں انہیں سی ای او کے عہدہ پر ترقی دی گئی ہے۔ دارالشریعہ دراصل دبئی اسلامک بینک کی ایک ذیلی کمپنی ہے اور اسلامک فینانس کے شعبہ میں گذشتہ 17 برسوں سے ایک معتبر نام ہے۔ مختلف ممالک میں یہ کمپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ حافظ عمار احمد حیدرآباد کی مشہور شخصیت مولانا حافظ رفیق احمد نظامی کے فرزند ہیں جنہوں نے کئی اسلامی ممالک میں دینی اور ملی خدمات انجام دی ہیں۔ حافظ عمار احمد نے ذکریٰ اسکول سوماجی گوڑہ سے اسکولی تعلیم مکمل کی اور سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تکمیل حفظ قرآن کے بعد عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد سے ایم بی اے کی تکمیل کی۔ شریعہ اڈوائزری، شریعہ آڈٹ، قانون شریعت اور مالیاتی قانون کے کئی کورسیس کی انہوں نے تکمیل کی۔ عمار احمد گذشتہ 17 برسوں سے اسلامک بینکنگ کے شعبہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بحرین، عمان ، قطر، الجزائر، افغانستان، قازقستان، نیدر لینڈ، برطانیہ، آفریقہ، سعودی عرب اور مصر کے بینکوں اور مالیاتی اداروں میں کنسلٹنسی اور ٹریننگ کی خدمات انجام دی ہیں۔ حافظ عمار احمد کی اسلامک بینکنگ کے شعبہ میں خدمات پر اہل حیدرآباد کو فخر ہے۔1