حیدرآبادی نژاد عثمان عباسی لاس اینجلس کاونٹی کورٹ کے جج مقرر

   

حیدرآباد:20نومبر ( ایجنسیز ) حیدرآبادی نژاد عثمان عباسی کو لاس اینجلس کاؤنٹی سوپیریئر عدالت کا جج مقرر کیا گیا ہے ، جنہوں نے گزشتہ ہفتہ اپنے عہدہ کا حلف لیا ۔ کیلیفورنیا کی گورنر نیو سام نے ان کا تقرر کیا ۔ عثمان عباسی ڈاکٹر طارق عباسی کے فرزند جناب شجاعت علی عباسی سیشن جج حیدرآباد کے پوتے اور جناب ثابت علی عباسی سیشن جج حیدرآباد کے پرپوتے ہیں ۔ وہ جج کی حیثیت سے تقرر سے پہلے کیلیفورنیا اٹارنی جنرل آفس کے ڈپٹی اٹارنی جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ اس سے پہلے لاس اینجلس کاؤنٹی آفس میں 2022 سے 2025 انسپکٹر جنرل رہ چکے ہیں اور 2015 سے 2021تک لاس اینجلس کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ 42سالہ عثمان عباسی ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ جج کی حیثیت سے تقرر پر امریکہ میں مسلم کمیونٹی میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز نے عثمان عباسی کو مبارکباد پیش کی اور اس کے ایکزیکٹیو ڈائرکٹر حسام ایلوش نے تقریب حلف برداری میں شرکت کی ۔حیدرآباد میں مقیم عثمان عباسی کے چچا جناب آصف عباس نے اس تقرر پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی غزالہ ہاشمی کا لیفٹننٹ گورنر کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا اور ظہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم میئر منتخب ہوئے ۔اب عثمان عباسی جج کی حیثیت سے تقرر امریکہ میں مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا ثبوت ہے ۔