امن و سلامتی اور بھائی چارہ کو برقرار رکھنے کا عزم، سٹی پولیس کی دعوت افطار، وزیر پونم پربھاکر و دیگر معزز شخصیتوں کی شرکت، کمشنر سی وی آنند کا خطاب
حیدرآباد۔ 19 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب اور مذہبی رواداری کی پوری دنیا میں نظیر نہیں ملتی۔ امن و سلامتی اور بھائی چارہ والے اس ماحول کو بگاڑنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور کسی بھی کوشش و حرکت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار حیدرآباد پولیس کمشنر ڈی جی سی وی آنند نے کیا۔ انہوں نے آج یہاں چومحلہ پیالیس میں منعقدہ دعوت افطار کو مخاطب کیا۔ حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے منعقدہ اس دعوت افطار میں ریاستی وزیر پونم پربھاکر ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر جتیندر و حکومت کے دیگر سرکردہ قائدین نے شرکت کی۔ شہر حیدرآباد کے بااثر علمائے کرام، مفتیان کرام، مشائخین ، ائمہ مساجد کی بڑی تعداد نے اس دعوت افطار میں شرکت کی۔ قبل ازیں مسلمانوں کا استقبال کرتے ہوئے سٹی پولیس کمشنر نے خطاب کیا اور سٹی پولیس کی جانب سے شہر حیدرآباد کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی۔ اردو شاعری کے ذریعہ کمشنر سی وی آنند نے سماع باندھا اور اپنے روایتی انداز میں حیدرآبادی زبان میں شہریوں کو مخاطب کیا۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ آج کے ماحول میں حیدرآباد کی نظیر ملک بھر میں کہیں نہیں ملتی اور حیدرآبادی روایات مہمان نوازی اور آپسی بھائی چارہ حیدرآبادی تہذیب کی شناخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدیوں سے چلے آرہے اس بھائی چارہ اور امن و سلامتی کے ماحول کو برقرار رکھنے میں سٹی پولیس کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی اور کسی بھی کوشش کو جوامن و سلامتی کے لئے خطرہ ثابت ہوگا بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ ساتھ شہر کی روایات کو برقرار رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں رمضان المبارک کے پیغام سحری اور افطار روزہ کی فضیلت اور برکات کو بیان کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر پونم پربھاکر ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مبارک مہینے میں دعائیں کرنے کی عوام سے خواہش کی۔ اس موقع پر مولانا مفتی خلیل احمد امیر جامعہ ، جامعہ نظامیہ نے دعا کی ۔ اس محفل افطار میں مولانا بدرالدین، مولانا کامل پاشاہ، طبیب نجم ایمان، حافظ مظفر بندہ نوازی، مفتی صابر پاشاہ، مولانا شجاع الدین افتخاری، سیف پاشاہ باقری، طارق انصاری میناریٹی کمیشن، قائد مجلس بچاؤ تحریک امجد اللہ خان خالد، محمد علی شبیر مشیر حکومت تلنگانہ، طاہر بن حمدان ، صدر نشین اقلیتی مالیتی کارپوریشن ، عظمت اللہ حسینی چیرمین وقف بورڈ کے علاوہ دیگر کئی معزز علماء مشائخین ، سابقہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداران موجود تھے۔ حیدرآباد سٹی پولیس کے عہدیداروں بالخصوص ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون سنہا مہرا نے روایتی لباس میں مہمانوں کا استقبال کیا۔ ع