۔18 اضلاع آرینج اور 9 اضلاع گرین زون میں، ہاسپٹلس میں آؤٹ پیشنٹ سہولت بحال
حیدرآباد۔/2 مئی، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے 17 مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کرتے ہوئے ملک بھر کے اضلاع کو کورونا وائرس کے خطرہ کے پیش نظر ریڈ ، آرینج اور گرین زون میں تقسیم کیا ہے۔ تلنگانہ کے 33 اضلاع میں 6 اضلاع کو ریڈ زون میں شامل کیا گیا جن میں حیدرآباد، سوریا پیٹ، رنگاریڈی، میڑچل ملکاجگری، وقارآباد اور ورنگل ( اربن ) شامل ہیں۔18 اضلاع کو آرینج زون میں شامل کیا گیا ہے جن میں نظام آباد، گدوال، نرمل، نلگنڈہ، عادل آباد، سنگاریڈی، کاماریڈی، آصف آباد، کریم نگر، کھمم، محبوب نگر، جگتیال، سرسلہ، بھوپال پلی، میدک، جنگاؤں، نارائن پیٹ اور منچریال شامل ہیں۔ 9اضلاع کو گرین زون میں رکھا گیا ہے جن میں پداپلی، ناگرکرنول، ملگ، کتہ گوڑم، محبوب آباد، سدی پیٹ، ورنگل ( رورل )، ونپرتی اور یادادری بھونگیر شامل ہیں۔ہر زون میں کورونا کے خطرہ کے اعتبار سے مختلف رعایتوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ گرین زون میں شراب اور پان شاپس کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے اور سماجی فاصلہ کی برقراری کے ساتھ یہ کاروبار کئے جاسکیں گے۔ کسی بھی دکان پر پانچ سے زائد افراد کی موجودگی کی اجازت نہیں ہوگی۔ تینوں زونس میں ریل، روڈ اور فضائی سفر پر پابندی رہے گی۔
اسکول اور کالجس بند رہیں گے۔ ریسٹورنٹ، جم، سینما ہالس اور مالس تینوں زونس میں بند رہیں گے۔ گرین زون میں بسوں کو 50 فیصد رعایت کے ساتھ چلانے کی اجازت رہے گی۔ آرینج زون میں کیاب اور ٹیکسی میں ڈرائیور اور ایک مسافر کی اجازت رہے گی۔ فور وھیلرس گاڑیوں میں ڈرائیور اور دو افراد کی اجازت رہے گی جبکہ ٹو وہیلرس پر صرف ایک شخص کی اجازت ہوگی۔ ریڈ زون میں تعمیراتی سرگرمیوں، ضروری اشیاء کی تیاری، آئی ٹی ہارڈ ویر، ای کامرس سرگرمیوں کے علاوہ خانگی و سرکاری دفاتر میں 33 فیصد حاضری کے ساتھ کام کی اجازت رہے گی۔ حکومت نے ریڈ ، آرینج اور گرین تینوں زونس میں دواخانوں میں آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹس اور میڈیکل کلینکس کی کارکردگی کی اجازت دی ہے تاہم سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر کے ساتھ عمل کرنا ہوگا۔ کسی بھی زون میں ہوٹلوں، سینما ہالس، مالس، جمنازیم، اسپورٹس کامپلکس کے علاوہ سماجی ، سیاسی اور مذہبی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔ مرکز کی جانب سے دی گئی رعایتوں کا کنٹینمنٹ زونس پر اطلاق نہیں ہوگا اور وہاں تمام پابندیاں بدستور جاری رہیں گی۔