حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر طیارے تیار رکھے گئے ہیں

   

لاک ڈاؤن کا خاتمہ یا پھر مختصر مدتی نوٹس پر پروازوں کی تیاری ، معمول کے مطابق دیکھ بھال

حیدرآباد۔30اپریل(سیاست نیوز) حیدرآباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر طیاروں کو تیار رکھا گیا ہے اور لاک ڈاؤن کے خاتمہ اور مختصر مدتی نوٹس پر پرواز کیلئے تیاری کرلی گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پروازوں کے عدم آغاز کی صورت میں بھی ہنگامی حالات اور پروازوں کو چلانے کیلئے کئی ائیر لائنس کی جانب سے اپنے طیاروں کو کارکرد رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور روزانہ کے اساس پر طیاروں کی دیکھ ریکھ اور ان کی صفائی کے عمل کو انجام دیا جا رہاہے۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر فی الحال 50 طیارے پارکنگ میں موجود ہیں جن کی دیکھ ریکھ اورنگرانی روزانہ کے اساس پر کی جا رہی ہے ۔ لاک ڈاؤن کی مدت سے قبل اس ائیر پورٹ پر روزانہ بین الاقوامی اور اندرون ملک پروازوں کا جائزہ لیا جائے تو 550 پروازیں چلائی جا رہی تھیں لیکن 24مئی کے بعد سے اچانک ائیر پورٹ پر مکمل سناٹا چھا یا ہوا ہے اور جب کبھی کوئی خصوصی پروازروانہ ہونے والی ہوتی ہے یا پرواز کی آمد ہوتی ہے تو ائیر پورٹ پر معمولی سرگرمیا ں نظر آتی ہیں جبکہ عام طور پر ائیر پورٹ پر کوئی سرگرمیاں نہیں دیکھی جا رہی ہیں اور ریاستی حکومت نے واضح کردیا ہے کہ اگر مرکزی حکومت کی جانب سے پروازوں کی آمد ورفت بحال کردی جاتی ہے تو ایسی صور ت میں بھی ریاستی حکومت کی جانب سے اجازت کے حصول کے بغیر کسی بھی ائیر لائنس کو حیدرآباد سے آپریٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ریاستی حکومت کی جانب سے جب یہ محسوس کیا جائے گا کہ پروازوں کے ذریعہ پہنچنے والے مسافرین محفوظ ہیں اور وہ کورونا وائرس کو پھیلانے کا موجب نہیں بنیں گے تب ہی ریاستی حکومت کی جانب سے اس بات کی اجازت دی جائے گی۔ حیدرآباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر موجود طیاروں کے متعلق عہدیداروں نے بتایا کہ ان طیاروں کی نگرانی کے علا وہ کوئی اور کام ائیر پورٹ پر نہیں ہے علاوہ ازیں جب کبھی کارگو کی کوئی پرواز پہنچتی ہے تو کچھ سرگرمیاں نظر آتی ہیں ۔ خانگی ائیر لائنس کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ اگر ریاستی حکومت کی جانب سے پروازوں کی اجازت نہیں دی جاتی ہے تب بھی خانگی ائیر لائنس اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہنگامی خدمات کے حصول کیلئے طیاروں کی طلب یا ڈاکٹرس کی منتقلی و آمد ورفت کیلئے محسوس کی جانے والی ضرورت کیلئے بھی راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر طیاروں کو تیار کھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر حالات کو قابو میں لانے کیلئے طیارے موجود رہیں۔