حیدرآباد ۔15۔نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد اور نیدر لینڈ کے درمیان راست فلائیٹ کا ستمبر 2025 میں آغاز ہوگا۔ کے ایل ایم رائل ڈچ ایرلائینس نے دونوں ممالک کے درمیان ڈائرکٹ فلائیٹ کا اعلان کیا ہے۔ یہ فلائیٹ حیدرآباد اور ایمسٹرڈم کے درمیان چلائی جائے گی ۔ کے ایل ایم ایرلائینس کے ذریعہ ہندوستان سے پروازوں میں حیدرآباد چوتھا مقام حاصل کرچکا ہے۔ بنگلور ، دہلی اور ممبئی کے بعد حیدرآباد سے ایمسٹرڈم کے لئے راست فلائیٹ کا آغاز ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ 2 ستمبر 2025 کو ڈائرکٹ فلائیٹ ہفتہ میں تین دن منگل ، جمعہ اور اتوار کو چلائی جائے گی۔ بوئنگ 777 کے ذریعہ ورلڈ بزنس کلاس میں 35 نشستیں پریمیم کمفرٹ کلاس میں 24 اور اکنامی کلاس میں 229 نشستیں رہیں گی۔ شیڈول کے مطابق فلائیٹ KL873 ایمسٹرڈم کے شفال ایرپورٹ سے صبح 11.40 بجے روانہ ہوگی اور حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر مقامی وقت کے مطابق رات 12.30 بجے پہنچے گی۔ ریٹرن فلائیٹ KL874 حیدرآباد سے رات دیر گئے 220 بجے روانہ ہوگی اور شفال ایرپورٹ اسی دن مقامی وقت کے مطابق صبح 840 بجے پہنچے گی۔ ہندوستان میں نیدرلینڈر کے سفیر میریسا گیررڈ نے سوشیل میڈیا میں یہ انکشاف کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کے بعد نیدر لینڈر کے سفیر نے ڈائرکٹ فلائیٹ کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے ملاقات میں باہمی تعاون اور صحت ، زراعت اور دیگر شعبوں میں اشتراک پر بات چیت کی گئی۔ 1