تین مختلف مقامات پر خواتین نشانہ ، پولیس کے لیے سوالیہ نشان
حیدرآباد /5 جنوری ( سیاست نیوز ) حیدرآباد اور سائبرآباد میں آج رہزنوں نے دہشت مچادی ۔ تین مختلف واقعات میں خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے قبضہ سے رقم اور گلے سے زیورات کو چھین لیا اور پولیس کیلئے ایک سوال کھڑا کردیا ۔ جیڈی میٹلہ ۔ کوکٹ پلی اور سکندرآباد کے مصروف ترین علاقہ میں وارداتیں انجام دی گئیں ۔ جیڈی میٹلہ کے علاقہ میں 60 سالہ لتما نامی خاتون کے گلے سے طلائی چین کو چھین لیا گیا ۔ خاتون پیشہ سے ٹیلر ہے جو چنتل علاقہ میں رہتی ہے ۔ یہ خاتون ٹیلر کی دوکان سے اپنے مکان واپس ہو رہی تھی کہ ایک اجنبی اس کے قریب پہونچا اور اس کے گلے سے ڈھائی تولہ چین کی رہزنی کرلی ۔ سکندرآباد کے علاقہ میں 60 سالہ پوچماں نامی خاتون کے قبضہ سے 20 ہزار روپئے چھین لئے گئے ۔ خاتون بنک سے رقم نکالنے کے بعد واپس ہو رہی تھی کہ تین افراد نے اس کا تعاقب کیا اور دھوکہ دیکر خاتون کے قبضہ سے 20 ہزار روپئے رقم کو چھین لیا ۔ کوکٹ پلی کے علاقہ میں 45 سالہ خاتون پدمجا ریڈی کے قبضہ سے 4 تولہ طلائی چین کو چھین لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق یہ خاتون ترکاری اور دواؤں کی خریداری کیلئے مکان سے باہر گئی تھی ۔ ایک ا جنبی نے اس خاتون کا تعاقب کیا اور چین چھین کر فرار ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق جیڈی میٹلہ اور کوکٹ پلی میں پیش آئی رہزنی کی وارداتوں کو ایک ہی شخص انجام دیا ہے ۔ جس کی تلاش جاری ہے ۔ ع