حیدرآباد اور مضافات میں برقی طلب میں تیزی سے اضافہ

   

Ferty9 Clinic

نوین متل کی برقی اداروں کے سربراہوں سے ملاقات، نئے سب اسٹیشن اور برقی ٹرانسفارمرس کی تجویز
حیدرآباد : 17 جون (سیاست نیوز) پرنسپل سکریٹری محکمہ برقی نوین متل نے برقی اداروں کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست میں برقی کی پیداوار اور سربراہی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ تلنگانہ ٹرانسکو کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ڈی کرشنا بھاسکر کے علاوہ سدرن پاور ڈسٹیبیوشن کمپنی کے صدرنشین اور منیجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی کے ساتھ نوین متل نے علیحدہ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں برقی کی طلب میں ہر سال 10 فیصد کا اضافہ ہورہا ہے۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں برقی طلب میں تیزی اضافہ ہوا ہے اور جاریہ سال 15 تا 20 فیصد برقی طلب میں اضافہ درج کیا گیا۔ ریاست میں جاریہ سال 17162 میگاواٹ برقی کی طلب ریکارڈ کی گئی۔ سدرن ڈسکامس کے تحت 2024ء میں 5.36 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا جو 2023ء کے مقابلہ 11.71 فیصد زائد ہے۔ برقی اداروں نے اضافی طلب سے نمٹنے کے لیے 5 سالہ منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت نئے سب اسٹیشن اور اضافی برقی ٹرانسفارمرس قائم کئے جائیں گے۔ عہدیداروں نے نوین متل کو برقی سربراہی کے موقف سے واقف کرایا۔ نوین متل نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا برقی شعبہ میں اصلاحات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ کسی بھی شعبہ کو برقی کی سربراہی میں دشواری نہ ہونے پائے۔ نوین متل نے کہا کہ فیوچر سٹی اور صنعتی سرگرمیوں کی توسیع سے برقی طلب میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ شہری علاقوں میں توسیع اور حکومت کے نئے منصوبوں سے برقی طلب میں مزید اضافے کا امکان ہے۔1