کولکتہ : کولکتہ نائٹ رائیڈرز ( کے کے آر) اور سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) آئی پی ایل 2025 میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، کیونکہ دونوں ٹیموں نے پچھلے تین میں سے دو میچ ہارے ہیں اور اب جمعرات کو ایڈن گارڈنز میں ہونے والے میچ میں دونوں ٹیمیں جیت کے لیے بھرپور کوشش کریں گی تاکہ اپنی مہم کو درست سمت میں آگے بڑھایا جاسکے۔ کے کے آر کپتان اجنکیا رہانے نے ابتدائی شکست کو زیادہ اہمیت نہیں دی لیکن مسلسل خراب کارکردگی کے بعد ٹیم دباؤ میں ہے۔ ایڈن گارڈنزکی پچ پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، جہاں آر سی بی کے خلاف شکست میں بولرزکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فِل سالٹ اور ویراٹ کوہلی نے صرف 51 گیندوں پر 95 رنزکی شراکت بنا کر میزبان ٹیم کے اسپنرزکو ناکام کردیا تھا۔ کے کے آر کے کئی کھلاڑی فارم میں نہیں ہیں۔ ورون چکرورتی نے آرسی بی کے خلاف 10.75 کی اوسط سے رنز دیے، اسپنسر جانسن مؤثر ثابت نہ ہو سکے، جبکہ انریچ نوکیا زخمی ہونے کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں۔ وینکٹیش ایر نے دو اننگز میں صرف 9 رنز بنائے حالانکہ انہیں کولکتہ نے بھاری رقم کی ادائیگی کے بعد اپنی ٹیم میں برقرار رکھا ہے ، جبکہ آندرے رسل، رنکو سنگھ، سنیل نارائن اور رامندیپ سنگھ بھی اچھا مظاہرہ نہیں کرسکے۔ کے کے آر نے نیلامی سے پہلے جن کھلاڑیوں کو باہر کا راستہ دکھایا تھا، وہ دوسری ٹیموں کے لیے شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ سابق کپتان شریاس ایر (پنجاب)، نتیش رانا (راجستھان)، فِل سالٹ (آر سی بی)، اور مچل اسٹارک (دہلی) اپنی نئی ٹیموں کے لیے بہترین کھیل پیش کر رہے ہیں۔ اسٹارک نے دہلی کے لیے 5/35 کی شاندار بولنگ کر کے کے کے آر کے کمزور فاسٹ بولنگ شعبہ کو مزید بے نقاب کر دیا۔ سن رائزر حیدرآباد نے اپنے پہلے میچ میں 286/6 کا بڑا اسکور بنایا اور ایک شاندار کامیابی کے ساتھ خطرہ کی گھنٹی بجائی لیکن اگلے دو میچز میں 200 رنزکا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ لکھنؤ سوپر جائنٹس کے خلاف 190/9 اور دہلی کیپیٹلز کے خلاف 163 پر آل آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم مشکلات میں ہے اور ٹیم کے جارحانہ بیٹرس کو ایک ذمہ دارنہ اننگز کھیلنے کی ضرورت ہے ۔ دوسری جانب کپتان پیٹ کمنز اور ساتھی فاسٹ بولر محمد سمیع امید کررہے ہیں کہ ایڈن گارڈنزکی پچ کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔ دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ اہم ہے۔ اگر کے کے آر اپنی حکمت عملی میں تبدیلی نہ کرے، تو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ حیدرآباد بھی اپنے بیٹنگ آرڈرکو مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔حیدرآباد کی ٹیم میں شامل ہونے والے ہندوستانی وکٹ کیپر ایشان کشن پہلے ہی میچ میں سنچری بناکر نئی امیدوں کو جگایا لیکن اس کے بعد دونوں مقابلوں میں انہوں نے مایوس کیا ہے ۔ہیڈسے ایک لمبی اننگز کی امید کی جارہی ہے ۔