دہلی، ممبئی اور بنگلورو سے زائد فیس، 4 برسوں میں 2500 کروڑ کی آمدنی
حیدرآباد۔ 15 فروری (سیاست نیوز) ملک کے اہم ایئرپورٹس کے مقابلہ حیدرآباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر زیادہ مہنگا ہوچکا ہے کیونکہ حیدرآباد ایئرپورٹ پر مسافرین سے یوزر ڈیولپمنٹ فیس کے طور پر زائد رقم وصول کی جارہی ہے۔ وزارت شہری ہوابازی کی جانب سے راجیہ سبھا میں پیش کردہ تفصیلات کے مطابق ملک کے اہم میٹرو شہروں کے ایئرپورٹس کے مقابلے حیدرآباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر یوزر ڈیولپمنٹ فیس (UDF) زائد ہے۔ حیدرآباد ایئرپورٹ پر ڈومسٹک مسافرین سے 750 روپے یو ڈی ایف کے طور پر وصول کئے جارہے ہیں جبکہ انٹرنیشنل پیسنجرس کے لئے یہ چارجس 1500 روپے ہیں۔ حیدرآباد کے مقابلہ بنگلورو کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈومسٹک مسافرین کے لئے 550 روپے جبکہ انٹرنیشنل مسافرین کے لئے حیدرآباد کی طرح فی کس 1500 روپے وصول کئے جاتے ہیں۔ دہلی اور ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر یوزر ڈیولپمنٹ چارجس حیدرآباد کے مقابلے کم ہیں۔ اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نئی دہلی پر ڈومسٹک مسافرین کے لئیفی کس 129 روپے وصول کئے جاتے ہیں جبکہ انٹرنیشنل مسافرین کے لئے یوزر چارجس فی کس 650 روپے ہیں۔ ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈومسٹک مسافرین سے 175 روپے جبکہ انٹرنیشنل مسافرین سے 615 روپے وصول کئے جاتے ہیں۔ ایئرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے مطابق یوزر ڈیولپمنٹ فیس یا پیسنجر سرویس فیس فضائی کرائے کے حصے کے طور پر وصول کی جاتی ہے جو ایئرپورٹ آپریٹر کو ادا کی جاتی ہے۔ حیدرآباد اور بنگلورو جیسے گرین فیلڈ ایئرپورٹس پر یہ فیس انفرااسٹرکچر انوسٹمنٹ کے اعتبار سے وصول کی جارہی ہے۔ گزشتہ 4 برسوں کے دوران حیدرآباد سے سفر کرنے والے مسافرین سے 2500 کروڑ یوزر ڈیولپمنٹ فیس کے طور پر وصول کئے گئے۔ مالیاتی سال 2020-21 میں یوزر ڈیولپمنٹ فیس 80 کروڑ تھی جو 2024-25 میں بڑھ کر 1000 کروڑ ہوچکی ہے جس سے حیدرآباد ایئرپورٹ سے فضائی سفر میں اضافے کا پتہ چلتا ہے۔ کووڈ کے بعد مسافرین پر مالی بوجھ میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈومسٹک مسافرین کے لئے یوزر ڈیولپمنٹ فیس کو جو 2020-21 میں فی کس 281 روپے تھی بڑھا کر 750 روپے کردیا گیا۔ انٹرنیشنل مسافرین کے لئے فی کس 393 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے اہم ایئرپورٹس پر فیس کے تعین کے لئے ایئرپورٹس اکنامک ریگولیٹری اتھاریٹی آف انڈیا قائم کیا ہے۔ 1