حیدرآباد ایئر پورٹ پر مسافروں کے قبضہ سے دو کروڑ 29 لاکھ روپئے مالیتی سونا ضبط

   

شمس آباد : 06۔اگست(سیاست نیوز) حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ(شمس آباد ایئر پورٹ) پر محکمہ کسٹمز کے عہدیداروں کی جانب سے وقفہ وقفہ سے بڑے پیمانے پر سونا، منشیات، بیرونی سگریٹ اور بیرونی کرنسی کی ضبطی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔گذشتہ ماہِ جولائی میں محکمہ کسٹمز حیدرآباد ایئر پورٹ کی مستعدی کے باعث بڑے پیمانے پر کروڑہا روپئے مالیتی سونا، منشیات، بیرونی کرنسی اور بیرونی سگریٹ ضبط کیے گئے تھے۔ محکمہ کسٹمز، راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ حیدرآباد کی جانب سے آج جاری کردہ اطلاعات کے مطابق کل 5 اگست کو دبئی اورجدہ سے پہنچنے والے تین مسافرین کے قبضہ سے جملہ 3 کلو 742 گرام سونا ضبط کیا گیا ہے۔جس کی جملہ مالیت 2 کروڑ 29 لاکھ 55 ہزار روپئے ہے۔محکمہ کسٹمز، حیدرآباد ایئر پورٹ کے عہدیداروں کی اطلاع کے مطابق کل 5 اگست کو مسافر کی مخصوص معلومات کی بنیاد پر دبئی سے آنے والے ایک ہندوستانی شہری کے قبضہ سے 1,924 گرام سونا جس کی مالیت ایک کروڑ 18 لاکھ روپے ہے ضبط کیا گیا ہے۔سونا کو پیسٹ کی شکل میں ڈھال کر اس مسافر نے اپنی انڈر ویئر میں چھپاکر لایا تھا۔ایک اور معاملہ میں کل 5 اگست کو ہی ایک اور ہندوستانی شہری جو جدہ سے حیدرآباد ایئر پورٹ پہنچا تھاکے قبضہ سے 1,225 گرام سونا ضبط کر لیا گیا جس کی مالیت 75 لاکھ 14 ہزار روپئے ہے۔عہدیداروں کے مطابق جہاں پورٹیبل اسپیکر اور ٹارچ لائٹ کے اندر یہ سونا چھپاکر لایا گیا تھا وہیں اس مسافر کی بڑی آنت سے بھی سونا کے 3 کیپسول برآمد کیے گئے ہیں۔ محکمہ کسٹمز ،حیدرآباد ایئر پورٹ کے عہدیداروں کے مطابق کل 5 اگست کو جدہ سے حیدرآباد پہنچنے والے ایک اور ہندوستانی شہری کے قبضہ سے 593.6 گرام سونا ضبط کرلیا گیا جسے استری میں چھپاکر لایا گیا تھا۔محکمہ کسٹمز کے عہدیداروں کے مطابق اس ضبط شدہ سونا کی قیمت 36 لاکھ 41 ہزار روپئے ہے۔ان تینوں معاملات میں محکمہ کسٹمز حیدرآباد کیس درج کرکے مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔ یاد رہیکہ 31 جولائی کو محکمہ کسٹمز،راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ حیدرآباد کے عہدیداروں نے دوحہ (قطر)سے آنیوالے ایک ہندوستانی شہری کے قبضہ سے 701 گرام سونا جس کی مالیت 42.96 لاکھ روپے تھی ضبط کیاتھا۔ تلاشی کے دوران پیسٹ کی شکل میں ڈھال کر سونا کیپسول کی شکل میں اس مسافر نے اپنی بڑی آنت میں چھپاکر لایا تھا۔اسی رات بنکاک سے حیدرآباد ایئر پورٹ پہنچنے والے ایک مسافرکے قبضہ سے 562 گرام سونا ضبط کرلیا گیاتھا اس سونا کو بھی پیسٹ کی شکل میں ڈھال کر اس مسافر نے بھی اپنی بڑی آنت میں چھپاکر لایاتھا۔ساتھ ہی اس مسافر کے قبضہ سے مزید 86 گرام پرمشتمل سونا کی چوڑی بھی ضبط کرلی گئی تھی جس پر چاندی کا پیسٹ چڑ ھایا گیا تھا۔محکمہ کسٹمز حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا تھاکہ اس مسافر کے قبضہ سے جملہ 39 لاکھ 46 ہزار روپئے مالیتی سونا ضبط کرلیا گیا ہے۔