حیدرآباد‘ ایرو اسپیس اور دفاعی پیداوار کا مرکز : کے ٹی آر

   

حیدرآباد۔ 24 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو نے آج کہا کہ حیدرآباد اب ایرو اسپیس اور دفاعی پیداواری سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی بیرونی کمپنیوں نے حیدرآباد کو اپنی مینوفیکچرنگ یونٹوں کے قیام کیلئے منتخب کیا ہے ۔ اس کے نتیجہ میںزائد از ایک ہزار چھوٹی اور درمیانی نوعیت کی صنعتیں قائم ہوئی ہیں اور تجارت کو فروغ ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے ماحولیات کے علاوہ باصلاحیت ملازمین کی دستیابی نے شہر کو یہ مقام دلایا ہے ۔ انہوں نے وی ای ایم ٹکنالوجیز اور حکومت تلنگانہ کے مابین ظہیر آباد میں انٹیگریٹیڈ ڈیفنس سسٹم یونٹ کے قیام کیلے یادداشت مفاہمت پر دستخط کی تقریب میں یہ اظہار خیال کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ظہیر آباد میں اس یونٹ کے قیام سے ریاست میں ایرو اسپیس اور دفاعی پیداوار میںاضافہ ہوگا ۔ حیدرآباد اب ان سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے اور آئندہ بھی رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبہ جات میں شہر کی ترقی کے بعد مزید ایرو اسپیس اور دفاعی تیاری کے آرڈرس حیدرآباد کو مل سکتے ہیں۔ ڈی آر ڈی او کے صدر نشین ڈاکٹر ستیش ریڈی نے چار سال قبل کہا تھا کہ 2017-22 کے درمیان حیدرآباد کو ایک لاکھ کروڑ کے آرڈر مل سکتے ہیں اور اب ایسا ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ریاستی حکومت مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور کوششوں کو مزید آگے بڑھائے اور ایرو اسپیس اور دفاعی صنعت کی ترقی کیلئے کام کرے ۔