پارکنگ ایریا میں بیاگیج اور بورڈنگ کارڈ کے حصول کی گنجائش
حیدرآباد ۔یکم جنوری (سیاست نیوز) جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر مسافرین کی سہولت کیلئے نئی ٹکنالوجی کا استعمال کرکے بیاگیج سہولت فراہم کی ہے۔ ایرپورٹ پارکنگ ایریا میں یہ سہولت رہے گی جس کے تحت مسافرین چیکنگ کرکے اپنے بیاگیج کو چھوڑ سکتے ہیں اور انہیں ٹرمنل میں داخلہ سے قبل ہی بورڈنگ پاس حاصل ہو جائے گا۔ جی ایم آر ایرپورٹ عہدیدار ایس جی کے کشور نے اس نئی سہولت پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ مسافرین کی سہولت کیلئے ہمیشہ نئے اختراعی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ٹرمنل میں مسافرین کے ہجوم کو کرنے میں یہ سہولت مددگار ثابت ہوگی۔ نئی سہولت کار پارکنگ علاقہ میں رہے گی جو سیلف سرویس سے آراستہ ہے ۔ اس سہولت سے مسافرین از خود چیکنگ کرسکتے ہیں اور فلائیٹس سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ مسافرین ڈراپ سنٹرس پر اپنا بیاگیج حوالے کرسکتے ہیں۔ ابتدائی مرحلہ میں مسافرین کو بورڈنگ پاس و بیاگیج کیلئے ٹیاگ حاصل ہوجائیگا ۔ چیکنگ کے بعد مسافرین بیاگیج کو کنویئر بیلٹ پر رکھ سکتے ہیں جہاں سے یہ متعلقہ ایر لائینس تک پہنچے گا۔ خودکار چیکنگ سہولت فلائیٹ کے وقت سے 6 گھنٹے قبل سے شروع ہوگی اور روانگی سے ایک گھنٹہ قبل جاری رہے گی۔ مسافرین باب الداخلہ پر آدھار آئی ڈی کی بنیاد پر بورڈنگ کارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔1