مرکز کے ڈِگی یاترا پروگرام کے تحت31 جولائی تک تجربہ
حیدرآباد۔/3 جولائی، ( سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ حیدرآباد پر چہرے کی شناخت سسٹم کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔ مسافروں کیلئے یہ شناخت سسٹم آزمائشی بنیاد پر 31 جنوری تک کام کرے گا۔ مرکز کے ڈِگی یاترا پروگرام کے تحت یکم جولائی سے اس کا تجرباتی مرحلہ شروع کیا گیا ہے۔ ایر پورٹ میں داخل ہونے کیلئے مسافروں کے چہروں کی شناخت کی جائے گی۔ قبل ازیں اس تجربہ کو صرف تین دن تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں 180 مسافروں نے رضاکارانہ طور پر ڈِگی یاترا پروگرام کے تحت ایرپورٹ پر اپنی شناخت کے تجربہ میں حصہ لینے کیلئے نام درج کروائے۔ جو بھی مسافر اس تجربہ سے گذرنا چاہتے ہیں وہ اپنے نام صبح 8 بجے سے شام 8 بجے کے دوران درج کراسکتے ہیں۔ جو مسافر اس نئے ڈیجیٹل تجربہ کو دیکھنا چاہتے ہیں وہ رجسٹر میں اپنا نام درج کروائیں۔ مسافروں کو چیک پوائنٹس پر جیسے ایر پورٹ میں داخل ہونے کے انٹری پوائنٹ چیک پر چہرے کی شناخت سسٹم کی بنیاد پر خود کار عمل سے گذرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ سیکوریٹی چیک، ایر کرافٹ بورڈنگ کیلئے بھی زائد سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
