حیدرآباد ایم ایل سی نشست کے کانگریسی امیدوار چنا ریڈی کی انتخابی مہم،نامپلی اسمبلی حلقہ میں رائے دہندوں کے ساتھ اجلاس، اقلیتی گریجویٹ رائے دہندوں سے کامیاب بنانے کی اپیل
حیدرآباد۔ گریجویٹ ایم ایل سی نشست حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر کے کانگریس امیدوار ڈاکٹر جی چنا ریڈی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں حلقہ اسمبلی نامپلی میں جلسہ عام منعقد کیا گیا۔ صدرگریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو، نامپلی انچارج محمد فیروز خاں، نائب صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی راشد خاں ، آرگنائزنگ سکریٹری عثمان محمد خاں، یوتھ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری انیل کمار یادو، میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر اور رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے جلسہ عام میں شرکت کرتے ہوئے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ کانگریس کے حق میں ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے بی جے پی اور ٹی آر ایس کی مخالف عوام پالیسیوں پر اپنی ناراضگی کا اظہار کریں۔ مقررین نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور نوجوانوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ڈاکٹر چنا ریڈی موزوں شخصیت ہیں۔ وہ نہ صرف نوجوانوں کے مسائل سے واقف ہیں بلکہ انہوں نے ریاستی وزیر اور رکن اسمبلی کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ڈاکٹر چناریڈی نے رائے دہندوں کو یقین دلایا کہ وہ بے روزگاروں کو روزگار کی فراہمی، حکومت کی جانب سے ماہانہ الاؤنس کی اجرائی اور سرکاری ملازمین اور اساتذہ کیلئے پی آر سی رپورٹ پر عمل آوری کی کوشش کریں گے۔ محمد فیروز خاں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی نامپلی کے گریجویٹ رائے دہندوں سے گھر گھر پہنچ کر ملاقات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد و رنگاریڈی کے علاوہ محبوب نگر ضلع میں کانگریس کے حق میں بہتر لہر پائی جاتی ہے کیونکہ عوام ٹی آر ایس حکومت سے نالاں ہیں۔