ترکش ایر لائنس اور ہندوستانی فضائیہ کمپنی کے درمیان یادداشت مفاہمت ، ڈاکٹر عدنان آلتی نورس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔11جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد سے راست استنبول پروازوں کے سلسلہ میں اقدامات جاری ہیں اور بہت جلد بین الاقوامی ترکش ائیر لائنس اور ہندستان کی ایک فضائی کمپنی کے ہمراہ معاہدہ کا امکان ہے۔قونصل جنرل ترکی متعینہ حیدرآباد ڈاکٹر عدنان آلتی نورس نے آج قونصل خانہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ 15جولائی کو ترکی قونصل خانہ کی جانب سے ترکی میں بغاوت کی ناکام کوشش کی یوم یادگار منائی جائے گی۔قونصل جنرل نے بتایا کہ 2016 میں حکومت ترکی نے ہندستان میں ترکی حکومت کے باغیوں کی سرگرمیوں پر روک لگانے کی خواہش کی تھی لیکن اب تک اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی اور ترکی عہدیداروں کو جو اطلاعات ہیں اس کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی گولن تحریک کے تعلیمی ادارے اور تنظیمیں سرگرم ہیں جو کہ ترکی حکومت کی نظر میں دہشت گرد تنظیم قرار دی جاچکی ہے کیونکہ 2016 میں اردگان حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کے پیچھے مبینہ طور پر فتح اللہ گولن کا ہاتھ قرار دیا جا رہاہے۔ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ ہند۔ترکی تجارتی تعلقات تیزی سے فروغ حاصل کر رہے ہیں اور سال 2018 کے دوران تجارت 8بلین ڈالرس کو تجاوز کرچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران ترکی کا سیاحتی سفر کرنے والوں کی تعداد میں 6گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور گذشتہ ایک برس کے دوران 3گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ ہند ۔ترک تجارتی تعلقات میں استحکام پیدا ہورہا ہے اور آئندہ چند برسوں میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہونے کی قوی امید ہے۔انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد سے استنبول کے لئے راست پروازوں کے آغاز کی صورت میں سیاحتی اغراض سے ترکی کا سفر کرنے والوں کے علاوہ ترک شہریوں کے راست حیدرآباد پہنچنے کے عمل میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ ترک میں بر سراقتدار اردگان حکومت کے خلاف سازش کرنے والے فتح اللہ گولن کی جانب سے نہ صرف ترکی میں بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں تعلیمی اداروں‘ تنظیموں اور ذرائع ابلاغ ادارو ں کے ذریعہ اپنی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور یہ سرگرمیاں دنیا کے 160ممالک تک وسعت حاصل کرچکی ہیں جو کہ ترکی کیلئے تشویش کا باعث ہے۔